وزیر اعظم اپنے ملک گیر دورے کے دوران ایڈمنٹن پہنچ گئے ، سخت سوال جواب کا سامنا

قومی آواز ۔ ٹورنٹو

Saturday, February 3, 2018

وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اپنے ملک گیر دورے کے دوران ایڈمنٹن پہنچ گئے جہاں ٹاﺅن ہال میں ان کو سخت سوال جواب کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لوگ ان سے اس کی بھی توقع کر رہے ہیں جو اٹاوا کے بس میں بھی نہیں ہے۔ اس موقع پر سابق فوجیوں اور فوجی خدمات کے دوران اپاہج ہونے والے فوجیوں نے بھی ان سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ بعض فوجیوں کا کہنا تھا کہ ان کا پینشن سسٹم ٹھیک نہیں ہے اور وہ اس سے بہتر نظام کی توقع رکھتے ہیں۔ جسٹن ٹروڈو نے سابق فوجیوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ اس نظام کو سمجھیں جو ان ہی کے مفاد میں بنایا گیا ہے اور اس سے ہی ان کو فائدہ پہنچے گا۔ ان سے سوال کیا گیا کہ کیبنٹ میٹنگ کی خفیہ دستاویزات کے لیکج کے زمہ داروں کے خلاف کیا کاروائی کی گئی تو وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ایک سیریس معاملہ ہے جس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ اس سے قبل جب وزیر اعظم جب ٹاﺅن ہال میں داخل ہوئے تو شہریوں نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا اور ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔