کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا میچ بارش کے باعث منسوخ

قومی آواز شارجہ
Friday, March 2, 2018

پاکستان سپر لیگ کا کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے جانے والا میچ بارش کے بعد ختم کرکے دونوں ٹیموں کو 1، 1 پوائنٹ مل گیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر شعیب ملک الیون کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

تاہم اس کے بعد شارجہ میں بارش شروع ہوگئی جس کی وجہ سے میچ انتظامیہ کو میچ منسوخ کرنا پڑا۔

دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا جس کے بعد کراچی کنگز کے 7 جبکہ ملتان سلطانز کے 5 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔

آج کا دوسرا میچ

پاکستانی وقت کے مطابق آج کا دوسرا میچ رات 9 بجے لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، برینڈن میکولم کی قیادت میں لاہور قلندرز اب تک تین میچز کھیل چکی ہے اور تینوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میکولم الیون میں فخر زمان، عمراکمل، سنیل نارائن، عامر یامین، حسن علی اور یاسر شاہ جیسے کھلاڑی شامل ہیں جب کہ کپتان اپنے چوتھے میچ میں کامیابی کے لئے پرامید ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کے پاس بھی بڑے ہتھیار موجود ہیں جن میں الیکس ہیلز، سیم بلنگ، جے پی ڈومنی، حسین طلعت، آندرے رسلز، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد سمیع اور رومان رئیس شامل ہیں۔