Monday, October 30, 2017 لبرل حکومت عوام پر ٹیکس پر ٹیکس لگا کر اپنی قسمت سنوار نے میں لگی ہے۔ یہ بات ایک پریس ریلیز میں کہی گئی ہے جو کنزرویٹو پارٹی کی ڈپٹی لیڈر لیزا ریٹ کے دفتر سے جاری کیا گیا۔
قومی آواز ۔ ٹورنٹو
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اعلیٰ قیادت اور دیگراعلیٰ عہدیدار خصوصاً وزیر مالیات کے بارے میں یہ باتیں گردش کر رہی ہیں کہ وہ بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے پائے گئے ہیں ۔ پریس ریلیز میں ٹرانس کینیڈاانرجی ایسٹ پروجیکٹ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ اعلیٰ حکومتی نوکر شاہی کے کہنے پر سبو تاژ کیا گیا جس کی وجہ سے کمپنی کو اپنی لگائی گئی بولی واپس لینی پڑی اور یوں یہ پائپ لائن منصوبہ بند ہو گیا ۔کہا گیا تھا کہ یہ منصوبہ کینیڈا کی تاریخ بدل دے گا،ہزاروں لوگوں کو نوکریاں ملیں گی، ہر روز لاکھوں بیرل تیل البرٹا سے سینٹ جان تک جائے گا ، اس سے کینیڈا اپنے تیل کی پروڈکشن میں خود کفیل ہو جائے گاوغیرہ وغیرہ ۔مگر ہوا یہ کہ منصوبہ ٹھیک طرح سے شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ بند کرنا پڑااور ہزاروں ملازمتوں کا نقصان الگ ہوا۔ لیزا ریٹ کا کہنا ہے کہ کنزرویٹو جانتے ہیں کہ منصوبے کیسے چلائے جاتے اور مکمل کئے جاتے ہیںمگر اس کے لئے عوامی حمایت اور تعاون درکار ہوتا ہے ۔کنزرویٹو اگر حکومت میں آئے تو وہ انرجی منصوبے دوبارہ سے شروع کریں گے اور لوگوں کو نوکریاں فراہم کریں گے۔