قومی آواز ۔ اسلام آباد اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے کہا ہے کہ خطے میں امن و سلامتی کا انحصار مسئلہ کشمیر کے حل سے منسلک ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور اپنے وسائل سے پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانے کے اقدامات کر رہا ہے، پاکستانی افواج نے انسداد دہشت گردی کے خلاف بڑا کامیاب آپریشن کیا۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ٹلرسن نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال اور عالمی منظر نامے کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی، وزیر اعظم نے امریکی وفد کو سیکیورٹی اور اقتصادی شعبوں میں کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سلامتی اور معاشی صورتحال میں بہتری سے پاکستان میں غیر ملکیوں کےلیے سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستانی وفد نے پر امن افغانستان اور خطے کےلیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اور سیکیورٹی فورسز کی بیش بہا قربانیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ پاکستانی وفد نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کا انحصار مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔ امریکی وفد کو بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں اور مظالم سے متعلق آگاہ کیا گیا،دونوں کی جانب سے مستقبل میں اعلی سطح رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
Tuesday, October 24, 2017
امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا۔