بالی وڈ لیجنڈری اداکارہ سری دیوی چل بسیں

قومی آواز : دبئی
Sunday, February 25, 2018

بالی وڈ لیجنڈری اداکارہ سری دیوی چل بسیں

دبئی: بالی وڈ کی نامور اداکارہ سری دیوی اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے چل بسیں۔

54 سالہ اداکارہ اپنے شوہر پونی کپور اور بیٹی کے ہمراہ بھانجے موہت ماروا کی شادی کی تقریب کا حصہ بننے کے لئے دبئی میں موجود تھیں جہاں اچانک سینے میں تکلیف کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

انتقال کی خبر سن کر ممبئی میں ان کے گھر پرستاروں کا تانتا بندھ گیا ہے جب کہ مختلف شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لیجنڈری اداکارہ کی موت کا تعین کرنے کے لیے دبئی میں پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے اور شام میں ان کی میت کو ممبئی پہنچایا جائے گا۔

سری دیوی کی آخری رسومات کے حوالے سے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے جب کہ ان کی بیٹی خوشی دبئی سے ممبئی پہنچ چکی ہیں۔

دبئی میں سری دیوی کی اپنے اہلہ خانہ کے ساتھ شرکت کردہ آخری شادی—.
سری دیوی 13 اگست 1963 کو پیدا ہوئیں اور انہوں نے 4 سال کی عمر میں فلم نگری میں قدم رکھا اور 1975 میں فلم ’جولی‘ میں معاون اداکارہ سے بالی وڈ میں کیریئر کا آغاز کیا۔

جب کہ 1978 میں ‘سولہواں ساون’ سے مرکزی کردار کیا اور اگلی ہی فلم ‘ہمت والا’ سے مقبول ہوگئیں، فلم ‘صدمہ’ میں سری دیوی کےکردار کو ان کی بہترین پرفارمنس قرار دیا جاتا ہے۔

سری دیوی کے انتقال پر شوبز ستارے اشک بار

نٹ کھٹ اداؤں اور چمکتی آنکھوں والی سری دیوی نے اپنی اداکاری سے کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کیا، چارلی چیپلن کی نقل ہو یا ناگن کا روپ، بیوی، ماں اور یا بیٹی، سری دیوی نے ہر کردار ایسا نبھایا کہ امر ہوگیا۔

سری دیوی کو 5 بار ‘فلم فیئر’ ایوارڈ اور 2013 میں بھارت کے چوتھے بڑے ایوارڈ ‘پدم شری’ سے بھی نوازا گیا۔

سری دیوی نے 300 سے زائد تامل، تیلگو، ملیالم اور ہندی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے جب کہ ان کی شہرہ آفاق فلموں میں ’مسٹر انڈیا‘، ’چاندنی‘، ’ناگن‘، ’لمحے‘، ’وقت کی آواز‘ اور ’خدا گواہ‘ شامل ہیں۔

بالی وڈ لیجنڈری اداکارہ اپنی چھوٹی صاحبزادی کے ساتھ—.
سری دیوی بالی وڈ میں رقص کو مرکزیت دینے والی اداکاراؤں میں سے ایک تھیں اور نوے کی دہائی ان کے نام رہی جب کہ ان کا شمار فلم نگری کی ان چند اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کو سوچ کر فلم کے کردار لکھے جاتے تھے۔

‘موم’ ان کی آخری فلم ثابت ہوئی جس میں پاکستانی ادکارہ سجل اور عدنان صدیقی نے ان کے مدمقابل کام کیا۔

اداکار متھن چکرورتی سے سری دیوی نے خفیہ شادی کی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی، 1996 میں انہوں نے پروڈیوسر بونی کپور سے شادی کی جس سے ان کی دو بیٹیاں جھانوی اور خوشی ہوئیں۔