سابق وزیراعظم نواز شریف اہلیہ کی عیادت کیلئے لندن پہنچ گئے

قومی آواز ۔
05 اکتوبر ، 2017
لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف اہلیہ کلثوم نواز کی تیمارداری کے لئے لندن پہنچ گئے ہیں۔

لندن روانگی سے قبل طیارے میں سوار خاتون مسافر کی طبیعت کی خرابی کے باعث پرواز کو رن وے سے واپس بلانا پڑا جس کے باعث پرواز ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئی۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف لندن جانے کے لئے جاتی امرا سے روانہ ہوئے تو مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکریٹری حنیف خان اور مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر زبیر گل بھی تھے۔

پرانے ایئر پورٹ کے وی آئی پی لاؤنج میں صوبائی وزیر بلال یاسین اور پی آئی اےآفیسرز ایسوسی ایشن کے سابق صدر اشتیاق لون نے ان سے ملاقات کی۔

دن تقریباً سوا 11 بجے پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 لندن کے لئے روانہ ہوئی تاہم طیارہ رن وے پر ہی تھا کہ عائشہ غوث نامی خاتون مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس پر پرواز کو واپس موڑنا پڑا۔

ڈاکٹروں کی ہدایت پر مسافر عائشہ غوث کو طیارے سے اتارنے کے بعد ان کی والدہ عذرہ پروین اور ان کا سامان بھی آف لوڈ کردیا گیا۔۔

بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے ٹکٹ پر وطن واپسی کی تاریخ 4 جنوری 2018ء درج ہے تاہم اس سلسلے میں ان کے قریبی حلقوں سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ جوں ہی بیگم کلثوم نواز کی طبیعت میں بہتری آئے گی تو نواز شریف وطن واپس آ جائیں گے۔

خیال رہے کہ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کے علاج کے لئے وہ لندن میں موجود ہیں۔

دوسری جانب احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز زیرسماعت ہیں اور عدالت نے انہیں 9 اکتوبر کو طلب کر رکھا ہے جب کہ ان کے ٹکٹ پر وطن واپسی کی تاریخ 4 جنوری 2018 درج ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اہلیہ کی عیادت کے لئے اس سے قبل بھی لندن گئے تھے اور 25 ستمبر کو واپسی پر وہ پہلی مرتبہ 26 ستمبر کو احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔