سال 2017 جو اچھی، بری یادوں کے ساتھ بیت گیا

Saturday, December 30, 2017
قومی آواز ۔ اسلام آباد ۔
سال 2017 بھی اختتام پذیر ہونے کو ہے۔ یہ سال پاکستان کے حوالے سے ملا جلا رہا۔ 2016 کی طرح اس سال بھی دہشت گردی میں کمی دیکھی گئی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا بھی اعلان کیا گیا۔

دوسری طرف وطن عزیز شدید سیاسی بحران کا شکار دیکھا گیا جب کہ ریاست کو چند ہزار افراد کے سامنے سرنڈر کرتے بھی دیکھا گیا۔

یہاں آپ کی سامنے 2017 میں پاکستان میں ہونے والے اہم واقعات پیش کیے جارہے ہیں۔

پی ایس ایل 2 کے فائنل کا لاہور میں انعقاد

رواں سال فروری میں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہوا۔ پچھلے سیزن ہی کی طرح اس مرتبہ بھی پانچ ٹیموں بشمول لاہور قلندرز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔

فائنل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا گیا جو پشاور زلمی نے باآسانی اپنے نام کیا تاہم اس میچ کی خاص بات اس کا وینیو تھا: لاہور۔

پاکستان میں گزشتہ کئی سال سے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند تھے۔ 2015 کے دورہ زمبابوے کے علاوہ کوئی بھی ٹیم پاکستان کے دورے پر نہیں آئی تھی تاہم پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد سے ملک میں موجود انٹرنیشنل کرکٹ کا فقدان ختم ہوا اور دیگر ٹیموں نے بھی پاکستان کو رخ کیا۔

بعدازاں ستمبر میں ورلڈ الیون نے لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جبکہ اس کے بعد سری لنکن ٹیم بھی ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے پاکستان آئی۔ اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کے حوالے سے پی سی بی پرامید ہے جس کا انعقاد آئندہ سال کے شروع میں متوقع ہے۔

آپریشن رد الفساد کا آغاز

آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد فروری 2017 میں آپریشن رد الفساد کا آغاز کیا گیا جو کہ اب بھی جاری ہے۔ آپریشن کا مقصد ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ اور ضرب عضب سے ملنے والی کامیابیوں کو جاری رکھنا ہے۔

آپریشن کے تحت ملک بھر میں متعدد چھوٹے بڑے آپریشنز کیے گئے جن میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک یا گرفتار کیا گیا۔

مردم شماری

تقریباً 20 سال کے بعد بالآخر پاکستان میں 2017 میں مردم شماری کا انعقاد ہوا جس کا آغاز مارچ میں ہوا۔ مردم شماری کا عمل 2 ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہا۔

مردم شماری کے عبوری نتائج 25 اگست کو مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کیے گئے جن کے مطابق ملک کی آبادی تقریباً 20 کروڑ 80 لاکھ تھی۔

نتائج کے مطابق پاکستان میں آبادی کے بڑھنے کی شرح 2.4 فیصد رہی جبکہ مجموعی آبادی کا 48.76 فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔

نتائج کو تقریباً تمام جماعتوں نے تسلیم کیا ہے تاہم متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی نے کراچی میں مردم شماری کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

کلبھوشن کو پھانسی کی سزا

گزشتہ سال بلوچستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی خفیہ اینجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو اپریل 2017 میں فوجی عدالت کی جانب سے بھانسی کی سزا سنادی گئی۔

کلبھوشن نے پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور جاسوسی کرنے کا اعتراف بھی کرلیا تھا۔

بھارت نے کلبھوشن کی پھانسی رکوانے کے لیے عالمی عدالت سے رجوع کرلیا جس کی ایک سماعت کے دوران جج رونی ابراہم نے کیس کا فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو پھانسی نہ دینے کا حکم جاری کیا۔

بھارتی نیوی میں حاضر سروس آفیسر کی گرفتاری 16مارچ 2016 کو حساس اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی مدد سے بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں عمل میں آئی تھی جہاں وہ حسین مبارک پٹیل کے نام سے پاکستان مخالف تخریبی اور دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

گرفتاری کے چند روز بعد ہی کل بھوشن کا اعترافی بیان جاری کیا گیا جس میں اس نے اعتراف کیا کہ وہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوا، اس سے پہلے 2004 اور 2005 میں وہ ’را‘ کے دہشت گرد مقاصد کے حصول کیلئے کراچی کے دورے بھی کرچکا تھا۔

مشعال خان کا قتل

اپریل میں ہی نوجوان طالب علم مشعال خان کو عبدالولی خان یونیورسٹی میں مشتعل ہجوم نے مبینہ گستاخانہ مواد شائع کرنے کے الزام میں قتل کردیا تھا۔

بعدازاں ہونے والی تحقیقات میں مشعال پر لگائے الزام ثابت نہیں ہوسکے جبکہ ان کے قتل کے سلسلے میں درجنوں افراد کو گرفتار بھی کیا گیا تھا جو انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات کا سامنا کرر رہے ہیں۔

قتل کے واقعے پر بننے والی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مشعال کا قتل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا تھا۔

اس کیس کی پاکستان سمیت دنیا بھر میں مذمت کی گئی۔

9 سال میں سب سے زیادہ جی ڈی پی کی شرح

رواں سال مئی میں عالمی بنک نے اعلان کیا کہ مالی سال 2017 میں پاکستان کی جی ڈی پی 5.2 رہے گی جو کہ پچھلے 9 سال میں سب سے زیادہ ہے۔

ورلڈ بنک نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ آئندہ مالی سال یہ شرح 5.5 فیصد جبکہ مالی سال 2019 میں اس کا 5.8 رہنے کا امکان ہے۔

پاکستان چیمپئنز ٹرافی جیت گیا

2017 میں پاکستان کرکٹ کے میدان پر کارکردگی اچھی رہی۔ یوں تو پاکستانی ٹیم نے کئی فتوحات سمیٹیں تاہم کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی کا تاج اپنے سر پر سجانا سال کا سب سے بڑا کارنامہ تھا۔

فائنل میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر پاکستان نے پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت 338 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم صرف 158 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

اس جیت کے بعد پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور اس کا جشن اس وجہ سے بھی زیادہ منایا گیا کہ یہ فتح بھارت کے خلاف تھی جو کہ کافی عرصے بعد پاکستان کو نصیب ہوئی تھی۔

نواز شریف نااہل قرار

اسے سال کی سب سے بڑی خبر قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا جس کا اثر موجودہ سیاست میں بھی محسوس کیا جارہا ہے بلکہ مستقبل میں بھی محسوس کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے پانچ رکنی بنچ نے آئین کے آرٹیکل 62، 63 کے تحت اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف صادق اور امین نہیں رہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نوازشریف اپنے اثاثے ظاہر کرنے میں ناکام رہے ہیں جب کہ انہوں نے کیپٹل ایف زیڈ ای کمپنی کو چھپایا۔

بعدازاں شاہد خاقان عباسی کو نیا وزیراعظم نامزد کیا گیا۔

بے نظیر قتل کیس کا فیصلہ

27 دسمبر2007ء کو لیاقت باغ میں انتخابی جلسے میں خودکش حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہ بے نظیر بھٹو کے قتل کیس کا فیصلہ 2017 اگست میں آیا۔

فیصلے میں 5 ملزمان کو بری، 2 کو سزا جب کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم دیا گیا۔

بے نظیر بھٹو کے قتل کیس کی 300 سے زائد سماعتیں ہوئیں جبکہ دوران سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے6 ججز تبدیل ہوئے۔

عدالتی فیصلے میں سابق ایس پی خرم شہزاد اور سابق سی پی او سعود عزیز کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ دونوں کو پانچ، پانچ لاکھ جرمانہ جمع کروانے کا بھی حکم دیا گیا۔

پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر

سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 2017 میں محدود اوورز کی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کی بہترین ٹیم بھی قرار پائی۔

بھارت نے کچھ روز بعد یہ پوزیشن پاکستان سے واپس لے لی تھی تاہم بعدازاں گرین شرٹس اسے دوبارہ روایتی حریف سے چھیننے میں کامیاب رہے تھے۔

سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم نے 14 میں سے 12 میچز اپنے نام کیے جس کی وجہ سے آئی سی سی رینکنگ میں گرین شرٹس کی پوزیشن میں بہتری آئی۔

گرین شرٹس سال کے اختتام تک ٹی ٹوئنٹی میں اپنی سبقت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

پی ایس پی-ایم کیو ایم پاکستان انضمام پھر اختلافات

نومبر ہی میں سندھ کی سیاست میں اس وقت بھونچال آگیا جب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی میں ’انضمام‘ کی خبریں سامنے آئیں۔

پی ایس پی اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہان مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ’اتحاد‘ کا اعلان کیا تاہم بعدازاں اختلافات کی خبریں بھی سامنے آنے لگیں اور یہ اتحاد محض ایک روز بعد ہی ٹوٹ گیا۔

ایم کیو ایم رہنماؤں کے ردعمل کے باعث ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پارٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا تاہم بعدازاں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے منائے جانے اور والدہ کی درخواست پر انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔

مذہبی جماعتوں کا فیض آباد پر دھرنا

نومبر حکومت کے لیے سخت امتحان کا مہینہ تھا۔ اسی ماہ ایک مذہبی جماعت نے ختم نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے متعلق ایک شق میں تبدیلی پر اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم فیض آباد پر دھرنا دیا۔

حکومت نے فوری طور پر اسے ’دفتری غلطی‘ قرار دیتے ہوئے نئی ترمیم منظور کرلی تھی تاہم مظاہرین نے وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد انتظامیہ نے دھرنا دینے والوں کے خلاف آپریشن بھی کیا تاہم اس کے باوجود دھرنا جاری رہا اور حکومت کو دھرنے کی قیادت کے ساتھ معاہدہ کرنا پڑا جس کے تحت وزیر قانون زاہد حامد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

معاہدے کے مطابق راجا ظفر الحق رپورٹ 30 دن میں منظر عام پر لائی جائے گی جب کہ الیکشن ایکٹ ترمیم کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

معاہدے کے مطابق 6 نومبر کے بعد سے مذہبی جماعت کے گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے گا اور ان کے خلاف مقدمات اور نظربندیاں ختم کی جائیں گے۔

حکومت کا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان

دسمبر 2017 کے آغاز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیر توانائی اویس لغاری نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی طلب سے زیادہ موجود ہے اور اب لوڈ شیڈنگ صرف ان علاقوں میں ہوگی جہاں بجلی چوری کی جاتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دسمبر میں ملک میں 2700 میگاواٹ بجلی اضافی دستیاب ہے۔

اچھی، بری یادوں کے ساتھ ایک اور سال بیت گیا۔ امید کی جاسکتی ہے کہ آئندہ سال یعنی 2018 وطن عزیز کے لیے 2017 سے بہتر ثابت ہو۔