سعودی عالم نے ویلنٹائن ڈے کو مثبت سماجی تہوار قرار دیدیا

قومی آواز ۔ مکہ

Monday, February 19, 2018
سعودی عرب کے ایک معروف عالم دین نے ویلنٹائن ڈے کو مثبت سماجی تہوار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

مکہ کی مذہبی پولیس کے سابق سربراہ اور عالم دین احمد قاسم الغامدی نے کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے شریعت خلاف نہیں اور اس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

عرب ٹی وی کو ایک انٹرویو میں سعودی عالم نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر مغربی معاشروں میں کئی سماجی تہوار منائے جاتے ہیں اور اسی مناسبت سے ویلنٹائن ڈے پر بھی ایک دوسرے کو گلاب کے پھول دیے جاتے ہیں۔

احمد قاسم الغامدی کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کو پھول دینے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے تاہم اسلامی اقدار کی پاسداری ضروری ہے۔

سعودی عرب میں ویلنٹائن ڈے سمیت بہت سے مغربی تہواروں پر پابندی عائد تھی اور ان پر پولیس سختی سے عملدرآمد بھی کرواتی تھی لیکن ولی عہد محمد بن سلمان کے احکامات کی روشنی میں سعودی عرب ’جدید اسلام‘ کی جانب گامزن ہے۔

گزشتہ برس سعودی حکومت نے نا صرف خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی بلکہ انہیں کھیلوں میں حصہ لینے اور اسٹیڈیم جا کر میچ دیکھنے سمیت سینما گھروں پر فلموں کی نمائش کی اجازت بھی دی۔

ان جدت پسند اقدامات کے باعث رواں برس ویلنٹائن ڈے پر جدہ اور دیگر بڑے شہروں میں پھول فروش کھلے عام پھول فروخت کرتے نظر آئے۔

: