سلامتی کونسل نے شام میں 30 روزہ جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی

Monday, February 26, 2018
قومی آواز ۔ نیویارک:

فوٹو: بشکریہ دی گارجین
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام میں 30 روزہ جنگ بندی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

کویت اور سویڈن کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد کے حق میں 15 ارکان نے ووٹ دیا جس کے مطابق 30 روزہ جنگ بندی کے دوران متاثرین میں امداد کی ترسیل اور طبی بنیادوں پر انخلا کی اجازت ہوگی۔

قرارداد کے مسودے میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ اس کی منظوری کے 72 گھنٹوں بعد 30 دن کے لیے ملک بھر میں جنگ بندی ہوگی تاہم ووٹنگ کے بعد انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ فضائی بمباری مسلسل جاری ہے۔

یہ قرارداد شامی حکومت کے فوجی دستوں اور فضائیہ کی جانب سے باغیوں کے زیر قبضہ شہر مشرقی غوطہ پر مسلسل ایک ہفتہ بمباری کے تناظر میں پیش کی گئی تھی۔

قرارداد کے مسودے کے مطابق 48 گھنٹوں بعد طبی بنیادوں پر انخلا اور امدادی سامان کی ترسیل کا آغاز کیا جائے گا جب کہ جنگ سے متاثرہ علاقے میں 50 لاکھ سے زائد لوگوں کو امداد کی اشد ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ شام میں جنگ بندی کی قرارداد پر 22 فروری کو ووٹنگ ہونا تھی تاہم ارکان کے کسی نتیجے پر نہ پہنچنے کی وجہ سے کئی بار ووٹنگ تاخیر کا شکار ہوئی۔

شام کا سب سے بڑا اتحادی ملک روس اس قرارداد میں تبدیلی کا خواہاں تھا جبکہ مغربی ممالک نے روس پر وقت ضائع کرنے کا الزام لگایا تھا۔