لوگ آپ کے متعلق کیا رائے رکھتے ہیں؟

قومی آواز ۔ کردار شخصیت:اگرچہ اپنے بارے میں منفی رائے سننا کوئی آسان کام نہیں ہے تاہم شخصیت سازی کیلئے اس طریقہ کار کی اہمیت کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ہم اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں کہ اپنے رویے کے متعلق سچی اور کھری باتیں کچھ ذیادہ خوشگوار نہیں ہوتیں۔تاہم بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو دوسروں کے نقطہ نظر سے اپنے رویے کو پرکھنے میں ذیادہ بہتر محسوس کرتے ہیں۔اگر آپ ان خوش قسمت لوگوں میں سے ایک ہیں تو یہ آپکی خوش نصیبی ہے ۔یونیورسٹی آف ایکرون کے پال لیوی کے مقالے کے مطابق لوگوں کی رائے دوسروں کے متعلق ہمیشہ مختلف ہوتی ہے۔پال لیوی کی رائے کے مطابق کسی بھی فرم میں کام کرنے والے مختلف کارکنا ن کی رائے اپنے آجر کے متعلق مختلف ہوتی ہے اسی طرح آجر کی رائے فرم کے مختلف ملازمین کے بارے میں فرق ہوتی ہے۔لیکن آجر کی طرف سے کارکنان کی ترجیحات اور انکے رویے کے متعلق مختلف اوقات میں مثبت رائے انکی وفاداری اور ایمانداری کو ترقی دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ماہرین نفسیات کی رائے کے مطابق زندگی میں خوش رہنے اور آگے بڑھنے کے عمل کو تیز کرنے کیلئے دوسروں کی رائے بے حد اہم ہوتی ہے۔انکا کہنا ہے کہ اگر ہم دوسروں کواپنے بارے میں رائے دینے کا موقع نہیں دیں گے توکبھی بھی اپنے رویے میں مثبت تبدیلیاں نہیں لا سکیں گے ۔ لہٰذا اپنے باس ، شریک سفر یا کسی بھی قریبی رشتے کو اتنا اعتماد دیں کہ وہ آپ کے رویے کے بارے میں ایمانداری سے اپنی رائے کا برملا اظہار کر سکے۔انکا مزید کہنا ہے کہ بعض لوگ اپنے بارے میں منفی یا مثبت رائے کے اظہار سے اپنا کام اور ذمہ داریاں ذیادہ بہتر انداز میں سرانجام دے سکتے ہیں۔ جبکہ کچھ افراد کسی بھی قسم کی رائے لینا پسند نہیں کرتے ۔ علاوہ ازیں بعض لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جن پر تنقید حد درجہ منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں اور دوسروں کی رائے کو مثبت انداز میں لیں تاکہ زندگی کے اہم چیلنجز کا مقابلہ کر نے کے قابل ہو سکیں۔