موسم کے اعتبار سے رنگ تبدیل کرنے والا سوئٹر متعارف

قومی آواز ۔ روم
Sunday, October 22, 2017
موسم سرما میں درختوں کے پتوں کے رنگ تبدیل ہوا کرتے ہیں لیکن اب ٹھنڈ سے بچاؤ کے لئے پہنے جانے والے سوئٹر بھی ازخود رنگ تبدیل کرنے لگیں گے۔

اٹلی کے کپڑے بنانے والے معروف برانڈ ‘اسٹون آئس لینڈ’ نے ایسا سوئٹر تیار کیا ہے جو موسم سرما میں رنگ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اسٹون آئس لینڈ نے اسپرنگ 2017 کلیکشن میں ٹھنڈ میں رنگ تبدیل کرنے والے سوئٹر کو پیش کیا جسے بے حد پسند کیا گیا جب کہ لوگوں کی جانب سے پذیرائی کے بعد اسے مارکیٹ میں متعارف کرادیا گیا ہے۔

کمپنی نے سوئٹر میں ہینڈ کروسین تیکنیک کا استعمال کیا ہے جس میں آپ سوئٹر پر ہاتھ پھیر کر اس کا رنگ تبدیل کرسکتے ہیں۔

سوئٹر کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں ‘تھرمو سینسیٹو’ بھی ہے، یعنی جوں جوں ٹھنڈ بڑھتی جائے گی سوئٹر اپنا رنگ بھی تبدیل کرتا جائے گا۔

ابتدائی طور پر کمپنی نے تین مختلف رنگوں میں سوئٹرز متعارف کرائے ہیں جن میں اورنج اور پیلا، سبز اور زمردی رنگ اور تیسرا رنگ سرمئی اور تیز سرمئی شامل ہیں۔

مارکیٹ میں انوکھی چیز ہونے کی وجہ سے رنگ بدلنے والے سوئٹر کی قیمت بھی ایسی ہے کہ سننے والے کے ہوش اڑ جائیں۔

مارکیٹ میں ایک سوئٹر ایک ہزار 470 پاؤنڈ میں دستیاب ہے جو پاکستانی روپے میں ایک لاکھ 82 ہزار روپے بنتے ہیں۔

اس سے قبل مشہور زمانہ کمپنی ‘ہائیپر کلر’ نے ایسی شرٹ بنائی تھی جو جسم کے درجہ حرارت کے مطابق اپنا رنگ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی تھی لیکن وہ کمپنی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور دیوالیہ ہونے کے بعد بند ہوگئی۔