قومی آواز ۔ ٹورنٹو وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ایڈمنٹن کے دورے کے دوران ایڈمنٹن پولیس کے کانسٹیبل مائیک چیرنیک سے ملاقات کی اور ڈیوٹی کے دوران ان کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔واضح رہے کہ 30ستمبر 2017کو ایڈمنٹن میں کامن ویلتھ اسٹیڈیم کے باہر ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے بیرئیر توڑ کر آنے والی ایک کار نے چیرنیک کو روند ڈالا تھا مگر انہوں نے زخمی ہونے کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور اٹھ کر دوبارہ کار ڈرائیور کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر کار ڈرائیور نے ان پر چاقو سے حملہ کر کے زخمی کر دیا اورفرار ہو گیا۔ چیرنیک کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں مرہم پٹی کے بعد جلد ہی ریلیز کر دیا گیا تھا۔ اس ملاقات میں چیرنیک کی بیٹی بھی ان کے ساتھ موجود تھی جس نے کہا کہ ان کے پاپا نے بہت ہمت دکھائی اور وہ پر امید تھیں کہ ان کے پاپا جلد ہی ٹھیک ہو کر ان کے ساتھ ہوں گے اور ایسا ہی ہوا۔ بعد ازاں کار ڈرائیور تیس سالہ عبد اللہ شریف کو گرفتار کر لیا گیا جو ایک صومالی ریفیوجی ہے۔ عبد اللہ پر گیارہ چارجز عائد کئے گئے ہیںاور اسے جلد ہی عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔
Sunday, October 22, 2017