وزیر ریلوے نے فواد چوہدری کو 5 ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا

قومی آواز : لاہور
Sunday, February 25, 2018
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو الزامات لگانے پر 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فواد چوہدری نے 22 فروری کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان پر الزامات لگائے، جس پر وہ قوم کے سامنے غیر مشروط معافی مانگیں یا ہتک عزت کے دعوے کا سامنا کریں۔

تحریک انصاف کے رہنما چودھری فواد حسین کو بائیس فروری کی میڈیا ٹاک میں جھوٹے الزامات لگانے پر پانچ ارب روپے ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آئین پاکستان ہر شخص کو اپنی عزت اور ساکھ کی حفاظت کی ضمانت دیتا ہے، کسی کو حق نہیں کہ قانونی وجہ کے بغیر کسی کے بارے میں ہتک آمیز بیانات دے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے 22 فروری کو میری ذات پر جھوٹے الزامات لگائے، اگر انہوں نے 14 روز میں معافی نہ مانگی تو قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں۔