کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، حکومت غلط فہمیاں پیدا کر رہی ہے: فضل الرحمان

قومی آواز :کراچی
پاکستان 21 اکتوبر ، 2019ویب ڈیسک

حکومت کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ رہبر کمیٹی کرے گی: سربراہ جے یو آئی ف۔ فوٹو: فائل
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے اور مذاکرات کے حوالے سے حکومت غلط فہمیاں پیدا کر رہی ہے۔

جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اے این پی کے مرکزی رہنما ایمل ولی خان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ملکی سیاسی صورت حال اور آزادی مارچ پر تبادلہ خیال کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے ایمل ولی خان کو یقین دلایا کہ عبد الغفور حیدری کی سربراہی میں کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، حکومت مذاکرات سے متعلق غلط فہمیاں پیدا کر رہی ہے۔

حکومت اور جے یو آئی ف کے درمیان ہونے والے مذاکرات منسوخ

سربراہ جے یو آئی ف نے مزید کہا کہ مذاکرات سے متعلق کوئی بھی فیصلہ رہبر کمیٹی کرے گی۔

ایمل ولی خان نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دلایا کہ اے این پی اپنے قائد اسفندیار ولی خان کے حکم کے مطابق آزادی مارچ میں شرکت کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اے این پی اپنی تیاریوں کو آخری شکل دے رہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کے درمیان ہونے والے مذاکرات اس وجہ سے منسوخ کر دیئے گئے تھے کہ یہ تاثر جا رہا تھا کہ جے یو آئی ف براہ راست حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں