شادی شدہ عورتوں کے مرد دوستوں پر اعتراض کیوں؟

قومی آواز(لاہور) مخلوط تعلیمی اداروں، اور پیشہ ورانہ زندگی میں مخلوط ماحول میں وقت گزارنے والے نوجوانوں کیلئے مردو خواتین کی دوستی زیادہ معیوب نہیں رہتی ہے۔دوستی کے نام پر ضروری نہیں ہوتا ہے کہ ان کے بیچ میں کوئی خفیہ بندھن بھی ہو، یہ بالکل ویسا ہی تعلق بھی ہوسکتا ہے جیسا کہ سکول کالج یا دفتر میں ایک ساتھ کام کرنیو الی دو خواتین یا دو حضرات کے بیچ ہو تاہم عموماًایسے تعلق کو پاکستان میں اکثریت ناپسند کرتی ہے۔ خاص کر وہ لڑکیاں جن کا بچپن اپنے کزنز کے ہمراہ کھیلتے کودتے گزرا ہوا یا پھر وہ اکلوتی ہوں، ان کے نزدیک لڑکوں سے دوستی میں کوئی معیوب بات نہیں ہوتی ہے۔ ایسی لڑکیوں کی زندگی اس وقت تک آرام سے گزرتی رہتی ہے، تاوقتیکہ یہ شادی کا فیصلہ کرلیں۔ شادی کے بعد خواتین کی دوستیوں کا دارومدار ان کے شوہروں کے مزاج پر ہوتا ہے۔ اگر شوہر اچھا، فراخ دل اور بیوی کے مزاج کو سمجھنے والا ہو، تب تو سابقہ رشتے نبھانا ممکن ہوتا ہے، دوسری صورت میں شادی سے پہلے کی سب دوستیاں شادی کے بعد ختم کرنا پڑتی ہیں۔
اگر آپ ان خوش قسمت خواتین میں سے ہیں جن کے شوہر کو آپ کے سابقہ تعلقات، بالخصوص آپ کے حلقہ احباب میں شامل لڑکوں سے تعلقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے، تو بھی ان چند باتوں کا خاص خیال رکھیں کیونکہ مرد حضرات خواہ کسی قدر وسیع القلب کیوں نہ ہوں، وہ اپنے جیون ساتھی کے معاملے میں تھوڑے سے حساس ضرور ہوتے ہیں، نیز وہ اپنی بیوی کی زندگی میں ایک ایسا مقام چاہتے ہیں، جہاں کسی بھی دوسرے مرد کی پہنچ نہ ہو، حتیٰ کہ ان کے اپنے سسر اور سالوں یعنی کہ اہلیہ کے والد اور بھائیوں کی بھی۔
اپنے شوہر کو دھوکہ دینے کی ہرگز کوشش نہ کریں۔ آپ کی دوستی میں خواہ کسی قدر ہی بے تکلفی کیوں نہ ہو، آپ کا اپنے دوستوں سے رویہ شوہر کی موجودگی و غیر موجودگی ، دونوں میں یکساں ہونا چاہئے۔
اپنی شادی، شوہر، رشتے اور بذات خود اپنا احترام کریں۔ اگر آپ کے نزدیک ان تمام کی تقدیس کی اہمیت ہوگی تو معاملات کبھی بھی بگرنے نہیں پائیں گے۔ اپنے دوستوں کو یہ باور کروائیں کہ آپ کیلئے شادی، آپ کی اپنی اور اپنے شوہر کی کتنی اہمیت ہے۔ انہیں، ان میں سے کسی ایک بھی تذلیل کی ہرگز اجازت مت دیں۔
آپ کے دوستوں کی تعداد کم ہو یا زیادہ ، اپنے شوہر سے بات چیت کرنا ہرگز کم نہ کریں۔ آپ کے تمام تعلقات سے زیادہ ضروری شادی ہے اور اس رشتے کو برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ دونوں کے آپس میں خوشگوار تعلقات ہوں اور کسی بھی معاملے میں افہام و تفہیم کی کمی وجہ نہ بنے۔
اگر آپ شادی کے بعد بھی اپنے مرد دوستوں سے تعلقات رکھنا چاہتی ہیں تو اس کا واحد راستہ یہی ہے کہ اپنے تعلقات کے بارے میں شوہر سے کچھ بھی نہ چھپائیں۔ اگر آپ شوہر کے مزاج کوسمجھتے ہوئے دوستیوں کو خاص حد میں رکھیں تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ انہیں آپ کی زندگی میں مرد دوستوں پر کوئی اعتراض ہوگا۔


متعلقہ خبریں