تبلیغی جماعت پوری دنیا میں امن اور خیر سگالی کے ساتھ اپنادینی فریضہ انجام دیتی ہے۔ حالیہ سعودی پابندی کی پرزور مذمت۔ علماء و اکابرین دیوبند

گلوبل ٹرینڈنگ ، 12دسمبر ،2021
قومی آواز دیوبند: حکومت سعودیہ عربیہ کی طرف سے تبلیغی جماعت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی اور تبلیغی جماعت کو زہر آلود، مشرکانہ نظریات کا حامل، قبر پرست اور شدت پسند جماعت قرار دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ امام و خطیبوں کو نماز جمعہ میں لوگوں کو تلقین کرنے کا حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ مملکت سعودی عربیہ کے اس اقدام پر علماء دیوبند نے شدید تشویش، فکرمندی اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور سعودی حکومت کے اس قدم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغی جماعت امن اور خیرسگالی کا پیغام دیتی ہے۔ حکومت سعودی عرب کی اس قسم کی مذموم کارروائی سے دیگر ممالک میں بھی اس قسم کے اقدامات کی جرآت بڑھ سکتی ہے جو کسی بھی طور سے ٹھیک نہیں ہوگا۔

فاضل دارالعلوم دیوبند اور نامور قلم کار مولانا و ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے بارے میں جو موقف سعودی حکومت نے اختیار کیا ہے، وہ قابل مذمت ہے۔ تبلیغی جماعت پوری دنیا میں امن اور خیر سگالی کے ساتھ اپنادینی فریضہ انجام دیتی ہے۔ دین اور مسجدوں سے دور افراد کو نماز کے قریب لانے کی ترغیب دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سعودی عرب سے قبل تبلیغی جماعت کے منہج و مسلک پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکا اسلئے ایسا معلوم ہوتاہے کہ سعوی حکوت کا یہ فیصلہ اسلام کے خلاف کسی بڑی سازش کا شاخسانہ ہے ملت اسلامیہ کے ذمہ داران کو اس کے سد باب کے لئے موثر کوشش کرنی چاہئے۔

ممتاز عالم دین اور نامور صاحب قلم مولانا ندیم الواجدی نے حکومت سعودی عرب کے اس فیصلے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت سے اس غیر ذمہ دارانہ رویہ کی امید نہیں تھی۔ تبلیغی جماعت کے سلسلہ میں سعودی حکومت کو کوئی موقف اختیار کرنا تھا تو برصغیر ہند و پاک او دیگر ممالک کے علماء سے پہلے اس کی تحقیق کر لینی چاہئے تھی۔سعودی حکومت کو دنیا کے اسلام مخالف معاملات پر بھی نظر رکھنی چاہئے، وہاں کے حکمرانوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ تبلیغی جماعت جیسی حق پرست جماعت کے خلاف اس کی اس مہم کے عالمی سطح پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سعودی حکومت کے اس اقدام کا اثر دنیا کے دیگر ممالک میں بھی نظر آئے گا، وہاں بھی تبلیغی جماعت جیسی مذہبی تنظیموں پر پابندی عائد کرنے کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔

ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند کے رئیس مفتی شریف خان قاسمی نے کہا کہ سعودی حکومت پوری دنیا کے مسلمانوں کی خیر خو اہ تھی اور عالمی سطح پر اسلام کی اشاعت و ترویج میں کلیدی کردار ادا کرتی تھی لیکن آج اس کا رویہ افسوس ناک حد تک بدل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کو چاہئے کہ وہ تبلیغی جماعت کی حمایت میں تحریک چلائیں اور سعودی حکمرانوں کی اگر کوئی غلط فہمی ہے تو اس کو دور کرنے کی کوشش کریں۔

جامعہ قاسمیہ کے ذمہ دار مولانا ابراہیم قاسمی نے کہا کہ سعودی عربیہ کی حکومت کا یہ رویہ عالم اسلام کو متاثر کرتا ہے اسلئے سعودی حکومت کو یہ فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کرنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں سنیما ہال،قحبہ خانے اور قمار بازی کے اڈے کھولے جانے کی اطلاعات ہوں وہاں سے یکایک کسی دینی و مذہبی جماعت کے خلاف آواز اٹھنا اور بھی زیادہ باعث مذمت ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملی تنظیموں کو چاہئے کہ وہ پر امن طریقے پر سعودی سفارت خانے کے سامنے اپنا احتجاج درج کرائیں۔

بشکریہ بلاغ ڈاٹ کام


متعلقہ خبریں