بجلی کے بغیر کام کرنے والا ائیرکنڈیشنر تیار

نیو جرسی(خصوصی رپورٹ)دنیا بھر میں 2016ءمیں گرمی کی لہر ریکارڈ توڑ ثابت ہورہی ہے اور ہر گزرتا مہینہ انسانی تاریخ کا گرم ترین قرار پارہا ہے ۔پاکستان میں بھی اب گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے مگر کیا آپ ایسا ائیرکنڈیشنر خریدنا پسند کریں گے جسے چلانے کے لیے بجلی کی ضرورت نہ ہو اور اس کا دن بھر کا خرچہ بھی چند روپے ہو؟اگر ہاں تو اب ایسا اے سی دستیاب ہے جس کا نام گائیزیر رکھا گیا ہے ۔کک سٹارٹر سائٹ پر فنڈز اکٹھے کر کے تیار ہونے والے اس اے سی کو چلانے کے لیے درحقیقت پورٹ ایبل بیٹری کو استعمال کیا گیا ہے اور یہ ایک منجمد آئس پیک کی مدد سے چلتا ہے ۔یہ ایک بہت چھوٹا سا اے سی ہے جو آپ کے کمرے کو گھنٹوں تک ٹھنڈا رکھ سکتا ہے ۔یہ بیٹری اور بار بار استعمال ہونے والے آئس پیک کا امتزاج ہے اور اس کو ایک دن میں چلانے کا خرچہ ایک امریکی سینٹ سے بھی کم ہے ۔اس کے اوپر لگا لکڑی کا باکس آئس پیک کو چار گھنٹے تک ٹھنڈا رکھتا ہے جبکہ ہوا کو چاروں جانب پھیلانے کے لیے باکس کے درمیان خلارکھا گیا ہے ۔اس میں لگا پنکھا کمرے کی ہوا کو آئس پیک میں منتقل کرتا ہے جو فوری طور پر باہر ٹھنڈی ہوکر خارج ہوتی ہے ۔اے سی کو چلانا ہو تو اس کا اوپروالا حصہ نیچے والے سے لگانا ہوتا ہے جبکہ یہ ایک سنگل چارج پر لگاتار چار گھنٹے تک چل سکتا ہے ۔اس کی بیٹری کو آپ سمارٹ فون کی طرح کسی بھی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر مائیکرو یو ایس بی کے ذریعے چارج کرسکتے ہیں۔کک سٹارٹر پر آپ اسے کچھ کم قیمت پر حاصل کرسکتے ہیں تاہم ریٹیل میں اس کی قیمت 106ڈالرز رکھی جائے گی۔