گھر گرہستی وہ نظام ہے جس سے قوم کے معمار تیار ہوتے ہیں

قومی آواز ویب ڈیسک

گھر گرہستی وہ نظام ہے جس سے قوم کے معمار تیار ہوتے ہیں اور دنیا و آخرت میں کامیابی کا حصول ہو سکتا ہے۔ بہنو!گھر گرہستی کا ملکہ عورت کی فطرت میں سمو دیا گیا ہے۔ اس لحاظ سے عورت کو مرد پر فضیلت حاصل ہے کیونکہ قوم کے معمار بنانے کا کام مرد اگر کریں گے تو اس میں خلأ رہ سکتا ہے۔ تاہم!عورت کو قوم کے معمار بنانے کے لئے مرد کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ بہنو! جب مرد و عورت ازواجی بندھن میں بندھ جاتے ہیں تو شادی کے ابتدائی دور گزرتے ہوئے انہیں چاہیے کہ آئندہ کی زندگی کا لائحہ عمل کا خاکہ تیار کریں تاکہ جیسے جیسے خاندان کے افراد: شوہر، ساس، سسر، دیور، جیٹھ، نند، دیوارانی، جٹھانی، بچوں اور دیگر رشتہ داروں کے حقوق جنم لیتے رہیں ان کو ادا کیا جاتا رہے۔ دوسرے الفاظ میں حقوق العباد کو ادا کیا جائے جو کہ اللہ کی عبادت کرنے کے ضمن میں آتا ہے اور حقیقت میں اسی مقصد کے لئے بنی نوع انسان کی تخلیق کی گئی ہے۔ بہنو! عورت جب شوہر کے گھر میں آتی ہے جو کہ اس کا اپنا گھر بن جاتا ہے، اسکے بہت سے کردارجنم لیتے ہیں جن کو اسے نبھانا ہوتا ہے مثلاً:بیوی، بہو، بھابی وغیرہ۔ اس لئے ضروری ہے کہ وہ ہر ایک کی شخصیت و کردار سے مطلع ہو جائے۔ بہنو! شادی کے بعد دلہا دلہن کو کھانے کے دعوت پر بلانے کا شادی کا حصہ بن چکا ہے۔ آج کے جدید دور میں جب دلہا دلہن اور ان کے گھر والوں کو کھانے کی دعوت پر بلایا جاتا ہے تو اس کی حیثیت ایک تقریب کی ہوتی ہے جس کا مقصد آسودگی حاصل کرنا ہوتا ہے۔ بہنو!شادی کے بعد جو دلہا اور دلہن کی رشتہ دار دعوت کرتے ہیں تو اس کا مقصد نئے رشتہ داروں سے تعارف ہونا چاہیے تاکہ ایک دوسرے کو سمجھا جا سکے۔ اس ضمن میں ایک خاکہ پیش خدمت ہے کہ نئے رشتہ داروں سے کس طرح تعارف کیا جانا چاہیے۔ · دعوتوں کی شروعات لڑکے کے رشتہ داروں کی طرف سے ہونی چاہیں۔ وہ اس وجہ سے کہ لڑکی اب اس خاندان کا حصہ بن چکی ہے اور تمام عمر اس کا خاندان کے افراد سے میل جول رہے گا۔ · جس رشتہ دار کی طرف سے دعوت ہو تو اس کے شوہر یا ساس کو چاہیے کہ وہ لڑکی اس گھر کے تمام افراد کے شخصیت و کردار سے بتلایا کر یں تاکہ جب لڑکی ان سے ملے تو انہیں ایسا محسوس ہو کہ وہ ایک دوسرے کو پہلے سے ہی جانتے ہیں۔ · اسی طرح شوہر اور ساس کو چاہیے کہ وہ ان گھر والوں کو جنہوں نے دعوت کی ہے لڑکی کے شخصیت و کردار سے متعلق بتلا دیں تاکہ لڑکی کواپنے اجنبی ہونے کا احساس نہ ہو۔ · جن گھر والوں نے دعوت کی ہے ان کو چاہیے کہ وہ کھانے کی فہرست میں لڑکے والوں کی پسند کا خیال رکھیں خصوصاً ان سے لڑکی کی پسند دریافت کرلیں تاکہ لڑکی پر اچھا تاثر ہو جو کہ ایک دوسرے کے قریب کرتا ہے · جہاں تک بات چیت اور موضوع کا تعلق ہے وہ حالات کی نوعیت کے مطابق ہونا چاہیے۔ بہنو! اسی طرح جب لڑکی کے رشتہ دار دعوت کریں تو لڑکی کو چاہیے کہ وہ اپنے سسرال کو اپنے رشتہداروں کی شخصیت و کردار سے متعلق بتلا دے۔ بہنو! اگر دعوت کو مندرجہ بالا خاکہ کے تحت ملاقاتیں کی جائیں گی تو پورے خاندان میں اتحاد و اتفاق اور عزت و قدر کی لہریں جنم لیتی رہیں گی جو کہ ازواجی زندگی میں کامیابی کی ضمانت ہوں گی


متعلقہ خبریں