اسپاٹ فکسنگ،5کرکٹرز کے نام ای سی ایل میں شامل

March 20, 2017

قومی آواز ۔ (کراچی)اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پانچ مشتبہ کھلاڑیوں محمد عرفان، شاہ زیب حسن ، خالد لطیف ، شرجیل خان اور ناصر جمشید کے نام ای سی ایل میں شامل کردیئے گئے ہیں، نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری وزیرداخلہ چودھری نثار کی زیرصدارت اجلاس میں دی گئی۔

ایف آئی اے نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران 5 مشتبہ کھلاڑیو ں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کیلئے وزارت داخلہ سے سفارش کی تھی ۔

ذرائع کے مطابق مشتبہ کھلاڑیوں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش ایف آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان اور تفتیشی افسر شاہد حسن کی طرف سے کی گئی تھی اور اس ضمن میں وزار ت داخلہ مراسلہ لکھا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ مذکورہ کھلاڑیوں کے نام مراسلہ تحریر کئے جانے کے 48 گھنٹو ں میں ای سی ایل میں شامل کر لیا گیا ہے ۔

وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بُکیزکے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔وزیرداخلہ نےکرکٹ میں جوا اوراس کو فروغ دینے والی تمام ویب سائٹس کوبند کرنے کی ہدایت بھی کی۔

چودھری نثار کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ معاملے کی ہرپہلوسے شفاف،غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، پاکستان کا نام بدنام کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اسپاٹ فکسنگ میں ملوث شخص کےساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔