داڑھی والے مرد بے وفا ہو سکتے ہیں ؟

قومی آواز ۔ لندن : ایک ویڈیو ویب سائٹ کی جانب سے کیے گئے حالیہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ رومانی تعلقات میں داڑھی والے مرد کلین شیو مردوں کی نسبت کم قابل اعتماد ہوتے ہیں۔ ویڈیو سوشل نیٹ ورک نے سروے کرنے والے ادارے ”سینسس وائڈ“ کے تعاون سے جو اعداد و شمار اکٹھے کیے ہیں، ان کے مطابق داڑھی رکھنے والے مرد خواتین کے نزدیک زیادہ پرکشش نہیں ہوتے۔ سروے نتائج کے مطابق داڑھی والے 47 فیصد مردوں نے اپنے جیون ساتھی کے ساتھ بے وفائی کا اعتراف کیا جبکہ کلین شیو مردوں میں سے 20 فیصد نے اسی بات کو تسلیم کیا ہے۔ باریش مردوں میں سے 45 فیصد نے بتایا ہے کہ ان کا اپنے لائف پارٹنر کے ساتھ جھگڑا ہوتا ہے جبکہ کلین شیو مردوں میں سے 29 فیصد نے اس بات کی تصدیق کی۔ اسی سروے کے دوران جب خواتین سے داڑھی یا بغیر داڑھی والے مردوں کے متعلق سوال کیا گیا تو 65 فیصد خواتین نے کلین شیو مردوں کے حق میں رائے دی جبکہ 35 فیصد نے باریش مردوں کو پسند کیا تاہم ان 35 فیصد خواتین میں سے بھی متعدد کا کہنا تھا کہ داڑھی کی بجائے اگر سر کے بال سفید ہوں تو یہ زیادہ پرکشش لگتے ہیں۔ فیشن ٹرینڈز کے بارے معلومات رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ اس سروے کے نتائج سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ خواتین بھرپور مردانہ وجاہت کی بجائے بچوں جیسے چہرے پسند کرنے کی جانب راغب ہو رہی ہیں۔