سحری اور افطاری کیلئے مفید مشورے

01/05/ 2020
قومی آواز ٹورنٹو: ۔
رمضان اسپیشل
ناشر ۔ ذوھیر عباس

رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ خواتین کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو جاتا ہے ایک طرف تو عبادت کا شوق موج زن ہوتا ہے تو دوسری جانب سحر و افطار کا اہتمام بھی ان ہی کو کرنا ہوتا ہے۔ اگر موسم کے اعتبار سے سحری اور افطاری کا انتظام کیا جائے تو نہ صرف روزہ رکھنے میں آسانی ہوتی ہے بلکہ صحت وغذائیت بھی حاصل کی جا سکتی ہے ۔ روزہ ہم پر فرض ہے یہ ظاہری اور باطنی دونوں لحاظ سے انسان کے لئے بے حد مفید ہے۔ اللہ کے ہر کا م میں انسان کے لیے کوئی نہ کوئی مصلحت ہوتی ہے لیکن بس ہم سمجھنے میں تاخیر کردیتے ہیں۔روزہ ہمارے جسم کو بیماریوں سے پاک کرتاہے ۔ طبی تحقیق کے مطابق ماہ رمضان مختلف بیماریوں سے چھٹکارا پانے کے لئے نسخہ کیمیا ہے مثلا،

٭روزہ نفسیاتی طور پر سکون دیتاہے جس کی وجہ سے خون میں شوگر کی سطح اعتدال میں رہتی ہے۔

٭روزہ میں غذائی مادہ کم ترین سطح پر ہوتے ہیں تو ہڈیوں کا گودا حرکت پذیر ہوجاتاہے۔

٭روزہ میں معدہ جسم کی صفائی کرتاہے اور ہر قسم کا زہریلا مادہ باہر نکالتاہے۔

٭رمضان کے پورے روزے رکھنے سے معدے ،آنتوں ،جگر اور گردوں کو آرام ملتاہے ۔اسطرح انسانی جسم فاسد مادوں کو ختم کرنے لگتاہے۔

سحری کے حوالے سے کچھ احتیاطی تدابیر

٭ عام مشاہدہ ہے کہ رمضان کے پہلے دوتین روزوں میں دن کے دوسرے پہر یا افطاری کے بعد سردرد کی شکایت ہوتی ہے ۔ جسم میں پانی کی کمی سر درد کا باعث ہوتی ہے۔سر درد سے بچنے کے لئے پانی کا استعمال زیادہ کریں۔ ۔یہ مضمون آپ قومی آواز ٹورنٹو پر ملاحظہ فرما رہے ہیں۔ سحری کھانے کے لئے جلدی اٹھیں اور تھوڑا تھوڑا پانی پیتے رہیں ۔

٭ نیند پوری نہ ہونا بھی سردرد کا سبب بنتاہے ،اسی لئے تراویح کے فوراً بعد سونے کی کوشش کریں۔

٭فرائی کی ہوئی اشیا کم استعمال کریں ۔

٭ پھل ،سبزیوں اور دالوں سے بھرپور سحری کھائیں۔

٭ تیز مصالحوں والے کھانے کھانے سے احتیاط کریں۔

٭ کھجور کا شیک بھی دن بھر توانائی دینے کا بڑا ذریعہ ہے۔

افطاری کے حوالے سے کچھ احتیاطی تدابیر

٭دہی بڑے اور چاٹ کھانے میں کوئی حرج نہیں یہ تمام صحتمند مشرقی فاسٹ فوڈز ہیں لیکن جب ہم یہ تمام چیزیں ایک ساتھ کھاتے ہیں تو کمزور سے معدے پر بڑی ذمہ داری ڈال دیتے ہیں۔ اس لیے کم مقدار میں اور گھر کے بنے ہوئے کھائیں۔

٭کولڈ ڈرنک کے بجائے تازہ پھلوں کا رس استعمال کریں۔

٭ تلی ہوئی اشیا کو پیٹ بھرنے کے بجائے بس چٹخارہ حاصل کرنے کےلئے استعمال کریں۔

٭ سپرنگ رولز ،سموسے کی فلنگ میں سبزیوں کا استعمال کریں اور تلنے کے بجائے بیک کر لیں ۔

٭ رائتے کا استعمال بے حد مفید رہتا ہے ،یہ نہ صرف کم کیلوریز فوڈ ہے بلکہ تازگی پہنچانے کا بھی اہم ذریعہ ہے۔

٭بہت سے لوگ افطاری کے بعد چائے پیتے ہیں جس سے تیزابیت اور السر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے ،چائے کی جگہ منٹ ٹی یا لیمن ٹی لی جا سکتی ہے۔

٭سالن میں لیموں یا سرکہ ڈال کر کھائیں ڈکاریں نہیں آئیں گی۔

٭افطاری میں تربوز، گرما،پپیتااور خربوزہ کھائیں اس سے معدہ اور آنتوں کی صفائی ہوتی ہے۔

٭ مرغن غذاﺅں سے پرہیز کریں