موٹی کمر والے مردوں میں پراسٹیٹ کینسر کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے

پراسٹیٹ کینسر مردوں میں زیادہ عام ہے
ایک تحقیق کے مطابق موٹی کمر والے مردوں میں پراسٹیٹ کینسر کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
شعبہ طب و صحت    قومی آواز نیوز روم
آٹھ یورپی ممالک میں ایک لاکھ 40 ہزار مردوں پر کی جانے والی تحقیق سے پتہ چلا کہ کمر پر موٹاپا صرف چار انچ زیادہ ہونے سے بھی کینسر ہونے کا خدشہ 13 فیصد بڑھ جاتا ہے۔
اوکسفرڈ یونیورسٹی کے جائزے کے مطابق جن مردوں کی کمر 37 انچ سے زیادہ ہے انھیں پراسٹیٹ کینسر کا خطرہ زیادہ ہے۔
پراسٹیٹ کینسر مردوں میں عام ہے۔
کم وزن اور فعال رہنے سے کینسر ہی نہیں کئی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے
برطانیہ میں پروسٹیٹ کینسرکے ادارے کے ترجمان
سویڈن کے شہر گوتن برگ میں ہونے والی کانفرنس میں پیش کیے جانے والے اس جائزے میں مردوں میں موٹاپے اور پراسٹیٹ کینسرکے درمیان تعلق پر روشنی ڈالی گئی۔
برطانیہ میں ہر سال 47 ہزار مردوں میں پراسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوتی ہے اور ہر سال دس ہزار آٹھ سو افراد اس بیماری سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مردوں کو اپنا وزن، خاص طور پر کمر کی موٹائی کم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
برطانیہ میں پراسٹیٹ کینسر کے ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کم وزن اور فعال رہنے سے کینسر ہی نہیں، کئی اور بیماریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
کینسر کی بہت سے اقسام کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ موٹاپے کی وجہ سے ہوتی ہیں جیسے کہ بچہ دانی کا کینسر، چھاتی کا کینسر وغیرہ۔

یہ مضمون بی بی سی کی مرہون منت آپ پڑھ رہے ہیں۔