پارٹی رجسٹریشن:مصطفیٰ کمال کی درخواست مسترد

ہفتہ , 9 اپریل , 2016
قومی آوازاسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم سے باغی ہو کر الگ جماعت ’پاک سرزمین پارٹی‘ بنانے والے مصطفیٰ کمال کی پارٹی کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کردی۔

مصطفیٰ کمال کی پارٹی کی رجسٹریشن کی درخواست، مطلوبہ دستاویزات ساتھ جمع نہ کرانے پر مسترد کی گئی۔

باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ رجسٹریشن کی درخواست کے ساتھ پارٹی کے آئین اور اس کے منشور کے حوالے سے دستاویزات منسلک نہیں کی گئی تھیں اور نہ ہی پارٹی کے اثاثوں کی تفصیلات دی گئیں۔

الیکشن کمیشن کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ پالیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے سیکشن 1 کے تحت ہر جماعت کو اپنا آئین مرتب کرنا ہوتا ہے، اس کے اغراض و مقاصد، وفاقی، صوبائی اور مقامی سطح پر انتظامی ڈھانچہ، رکنیت کا معیار، رکنیت کی فیس، پارٹی کے رہنما اور دیگر عہدیداروں کی قابلیت اور مدت، فنڈز کی وصولی اور جمع کرنے کے لیے معیار اور پارٹی کے رہنما اور دیگر عہدیداران کے انتخاب کا طریقہ کار بتانا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اراکین کے درمیان تنازعات کے حل کے طریقہ کار کی وضاحت کے لیے پارٹی کا آئین ہونا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کو رجسٹریشن سے قبل اثاثوں کی تفصیلات اور فنڈز کے ذرائع کے علاوہ اپنے آئین اور منشور کی کاپی فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

الیکشن کمیشن کے عہدیدار نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی الیکشن کی تفصیلات فراہم کرنی ہوتی ہیں اور اگر نئی سیاسی جماعت ہو تو اسے اپنی عارضی انتظامی باڈی کا ڈھانچہ بتانا ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کی جماعت رجسٹریشن کی درخواست مکمل دستاویزات کے ساتھ دوبارہ جمع کراسکتی ہے۔