March 17, 2017 ٹورنٹو کی خاتون کے ساتھ آن لائن ڈیٹنگ کے دوران مشکوک شخص نے خاتون کو لاکھوں ڈالر سے محروم کر دیا۔ طویل اور لالچ بھری ڈیٹنگ ڈیل کے دوران خاتون اپنے مکان سے بھی محروم ہو گئیں۔پولیس زرائع کے مطابق ٹورنٹو سے تعلق رکھنے والی بیوہ خاتون نے شکایت کی ہے کہ آن لائن ڈیٹنگ کے دوران کسی شخص نے ان کی تمام دولت پر ہاتھ صاف کر دیا ہے۔ خاتون کے مطابق نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے کسی شخص نے انہیں ایک بڑی انعامی رقم کا لالچ دے کر فیس اور ٹیکسوں کی مد میں ان سے چالیس ہزار ڈالر سے زائد رقم طلب کی جو انہوں نے ادا کر دی ۔ اس کے بعد ان سے مزید اخراجات کے لئے چار لاکھ ڈالر مانگے گئے جو انہوں نے اپنا مکان بیچ کر ادا کر دئے جس کے بعد مذکورہ شخص نے ان سے قطع تعلق کر لیا اور خاتون کے چھان بین کر نے پر پتہ چلا کہ وہ ایک فراڈ کا شکار ہو گئیں ہیں اور ایسے کسی انعام یا لاٹری کا کوئی نام و نشان نہیں ہے نہ مذکورہ شخص کا ہی کچھ پتہ چل سکا۔شخص مزکور نے خاتون کو یقین دلایا تھا کہ اگر وہ 22ملین ڈالر کے ایک مقدمے میں اخراجات برداشت کرنا چا ہتی ہیں تو بعد میں ان کو بھی اس میں سے حصہ ملے جو کئی ملین ڈالر ہو سکتا ہے۔ خاتون نے لالچ میں آکر لاکھوں ڈالر کی رقم اس شخص کو بھیج دی اور اب قلاش ہو کر پولیس سے مدد کی طالب ہیں۔حیرت کی بات یہ ہے کہ نا معلوم شخص نے خاتون کو متاثر کرنے کے لئے اقوام متحدہ اور امریکی حکومت کے بعض اہلکاروں کے نام و پتے بھی استعمال کئے جو بعد میں جعلی ثابت ہوئے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آن لائن کسی بھی اجنبی سے بات چیتے کرتے ہوئے ہمیشہ احتیاط برتی جائے اور اگر رقم کی منتقلی کا کوئی معاملہ مشکوک معلوم ہو تو فوری طور پر پولیس سے مدد طلب کی جائے تاکہ معصوم لوگوں کو لٹنے سے بچایا جا سکے ۔۔۔
قومی آواز ٹورانٹو : خاتون سے لاکھوں ڈالر ٹھگ لئے گئے،پولیس کی شہریوں کو مشکوک اور اجنبی لوگوں سے بچ کر رہنے کی ہدایت ۔