Tuesday, January 2, 2018 قومی آواز ۔ ٹورنٹو اونٹاریو سرکار کی جانب سے ملازمین کی اجرتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد بزنس مینوں نے بھی اپنے بچاﺅ کے طریقوں پر غور و فکر شروع کر دیا ہے۔ بعض بزنس مینوں نے فوری طور پر اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے ساتھ ہی اسٹاف میں کٹوتی اور فالتو کام از خود کرنے کی ٹھان لی ہے تاکہ وہ اجرتوں میں اضافے کے اثر کو برابر کر سکیں۔ اسی طرح ٹورنٹو کے کابوم چکن نے بھی ایسا ہی کیا ہے اور انہوں نے اپنے تیار کردہ کھانوں کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ اسٹاف کو کچھ کم کیا ہے ساتھ ہی کاروباری پارٹنرز نے فیصلہ کیا ہے کہ زائد کام وہ خود کریں گے تاکہ اخراجات کو بچایا جا سکے۔ سرکاری اعلان میں کہا گیا تھا کہ یکم جنوری 2018سے اجرتیں 14ڈالر فی گھنٹہ کر دی جائیں گی جبکہ یکم جنوری 2019کو اجرتیں 15ڈالر تک مزید بڑھائی جائیں گی۔ اونٹاریو سرکار کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ملازمین کی قوت خرید میں اضافہ ہو گا اور معیشت میں بہت زیادہ بہتری آئے گی۔ ترجمان کے مطابق ریونیو پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا بلکہ اس میں بہت زیادہ اضافہ ہونے کا امکان ہے۔