افغان فورسز کے ہاتھوں ‘غلطی سے’ 9 افراد ہلاک، زیادہ تر عام شہری شامل

قومی آواز ۔ کابل
Tuesday May 29th 2018

افغان حکام نے اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے کہ آپریشن میں شہریوں کی ہلاکت کیوں ہوئی
افغانستان کے صوبے ننگرہار میں ایک گھر پر افغان فورسز کی کارروائی میں ‘غلطی سے’ 9 افراد مارے گئے، جن میں زیادہ تر عام شہری شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک مقامی پولیس کمانڈر بھی شامل ہے۔

صوبائی گورنر حیات اللہ حیات کے مطابق رات گئے ہونے والی اس کارروائی میں 8 شہری زخمی بھی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ جس گھر پر کارروائی کی گئی، وہاں سے فائرنگ کی آواز آرہی تھی، تاہم اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے کہ آپریشن میں شہریوں کی ہلاکت کیوں ہوئی۔

ننگرہار کے ایک اسپتال کے ترجمان انعام اللہ میاں خیل نے بھی تصدیق کی کہ فورسز کی کارروائی کے بعد 9 لاشیں لائی گئیں۔

واضح رہے کہ مشرقی افغان صوبے ننگرہار میں طالبان اور شدت پسند تنظیم داعش کا کنٹرول ہے اور یہاں ان گروپوں کی جانب سے اکثر و بیشتر کارروائیاں ہوتی رہتی ہیں۔


متعلقہ خبریں