امریکا کی روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی

پیر19 اکتوبر 2018
قومی آواز:واشنگٹن
روس کئی سال سے معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے، نہیں معلوم کہ سابق صدراوباما نے معاہدہ ختم کیوں نہیں کیا،ٹرمپ، امریکا کا واحد عالمی سُپر پاور بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، روس— فوٹو: فائل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی دے دی اور کہا کہ روس معاہدے پرعمل نہیں کررہا، اس لیے ہم بھی اس معاہدے پر قائم نہیں رہ سکتے۔

امریکی صدر نے کہا کہ روس کئی سال سے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، نہیں معلوم کہ سابق صدراوباما نے معاہدہ ختم کیوں نہیں کیا، ہم روس کوایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں سے متعلق ایک تاریخی معاہدے سے دستبردار ہوجائے گا۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس نے 1987ء کے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (آئی این ایف) معاہدے کی ’خلاف ورزی‘ کی ہے۔ معاہدے کے تحت زمین سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں پر پابندی ہے۔ یہ فاصلہ 500 سے 5500 کلومیٹر ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک روس کو ان ’ہتھیاروں کی اجازت نہیں دے گا۔ نیواڈا میں ایک ریلی کے بعد صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ صدر اومابا نے اس پر بات چیت کیوں نہیں کی یا اس سے کیوں نہیں نکلے، روسی بہت برسوں سے اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

2014ءمیں سابق صدر اوباما نے روس پر آئی این ایف کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا جب اس نے مبینہ طور پر زمین سے مار کرنے والے ایک کروز میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ براک اوباما نے مبینہ طور پر اس معاہدے سے دستبردار نہ ہونے کا فیصلہ یورپی رہنماؤں کے دباؤ پر کیا تھا جن کا کہنا تھا کہ ایسا کرنے سے ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے امریکی صدر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کا ایٹمی معاہدہ ختم کرنا واحدعالمی سُپر پاور بننے کا خواب ہے، امریکا کا واحد عالمی سُپر پاور بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔


متعلقہ خبریں