قومی آواز ۔ اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے رشتہ داروں نے چیف جسٹس سے واقعے کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ڈیفنس اینڈ ایئر اتاشی کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے نوجوان عتیق بیگ کے قریبی رشتہ داروں اور اہل علاقہ نے وفاقی دارالحکومت میں مارگلہ روڈ پر حادثے کے مقام پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے عتیق بیگ کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پر مظاہرین نے عتیق بیگ کے اہلخانہ کو انصاف فراہم کرنے اور چیف جسٹس سے واقعے کو ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
امریکی سفارتکار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے معاملے پر سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس اسلام آباد اور ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ خیال رہے کہ چند روز قبل امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان عتیق بیگ جاں بحق ہو گیا تھا جس پر پولیس نے انہیں گرفتار کر کے امریکی سفارت خانے کی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا تھا۔ بعدازاں پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے امریکی سفارت کار کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہونے کی وجہ سے چھوڑ دیا تھا۔
Saturday, April 14, 2018