آئی پی ایل کھیلنے والے کھلاڑی بڑی مشکل میں پھنس گئے

لندن:سابق برطانوی بلے باز جیفری بائیکاٹ نے کہاہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے ساتھ بہت نرمی برتتا ہے، انہوں نے کسی بھی فٹ اور صحت مند کھلاڑی کو قومی فریضے کے لئے دستیاب نہ ہونے پر جرمانے کی سفارش بھی کی ۔ سابق ٹیسٹ بلے باز جیفری بائیکاٹ کا کہنا تھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کو اپنے کھلاڑیوں کو ہاتھ کا چھالا بناکر رکھنے کی پالیسی کو ترک کرنا ہوگا اور اگر وہ منافع بخش انڈین پریمیر لیگ کو قومی ڈیوٹی سے بالاتر رکھتے ہیں تو ان پر جرمانہ عائد ہونا چاہیئے۔

برطانوی ٹیم کے ہیڈ کوچ کرس سلوروڈوڈ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے وہ کھلاڑی جون میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے محروم رہ سکتے ہیں جن کی آئی پی ایل ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتی ہیں۔سلورڈ ووڈ نے بھارتی ٹیم کے خلاف 1-3 سے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد کہا کہ انگلینڈ اب بھی روٹیشن پالیسی پر قائم رہے گا جس کا مقصد تمام فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ببل میں زندگی سے بہتر طور پر مقابلہ کرنے میں مدد کرنا ہے۔

بائیکاٹ نے ڈیلی ٹیلی گراف میں لکھا کہ انگلینڈ نے ہندوستان میں روٹیشن پالیسی میں الجھ کر رہ گیا ،اسے کھلاڑیوں کے ساتھ تھوڑی سختی کرنی چاہیئے تھی، کھلاڑی بھول جاتے ہیں کہ اگر وہ پہلے انگلینڈ کے لئے کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرتے تو آئی پی ایل میں موقع نہ ملتا لہذا انگلینڈ کی نمائندگی کو ترجیح دینا ان پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کھلاڑیوں کو کمائی سے کبھی نہیں روکوں گا لیکن اس کی قیمت انگلش ٹیم کو نہیں چکانی چاہیئے۔

سابق اوپنر نے کہا کہ کسی کو بھی ایسے کھلاڑی سے التجا نہیں کرنی چاہئے جو ذہنی صحت کے معاملات پر بائیو سیکیور ببل کو خیرباد کہے لیکن میں شرط لگاتا ہوں کہ آپ ہمارے کسی بھی کھلاڑی کو اس لیے آئی پی ایل چھوڑتے نہیں دیکھیں گے کیونکہ انہیں اپنی بیوی ، گرل فرینڈ یا بچوں کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ 80 سالہ جیفری بائیکاٹ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں پر بہت نرم تھا اور اسی لیے انہوں نے کسی بھی فٹ اور صحت مند کھلاڑی کو قومی ٹیم کی نمائندگی سے منع کرنے پر جرمانے کی سفارش کی تھی۔

جیفری بائیکاٹ کا کہنا تھا کہ اگر کھلاڑی انگلینڈ کے لیے کھیلنے سے وقفہ لیکر گھر جانا چاہتے ہیں تو ان کے پیسے نہ دیں ، بہتر ہے کہ انھیں اس وقت تک منتخب نہ کریں جب تک کہ وہ پوری سیریز کے لیے دستیابی ظاہر کرنے پر راضی نہ ہوجائیں۔ بائیکاٹ نے سلور ووڈ ، ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن ، ڈائریکٹر کرکٹ ایشلے جائلز اور چیئرمین آف سلیکٹرز ایڈ سمتھ کو بے وقوف مرد قرار دیا۔


متعلقہ خبریں