قومی آواز–ویب ڈیسک
لاہور (قومی آواز–ویب ڈیسک) اپنے موبائل فون چارجر اور دیگر برقی مصنوعات کو پلگ میں لگا چھوڑ دینا آپ کے بجلی کے بل میں اضافہ کردیتا ہے جس کا آپ کو احساس تک نہیں ہوتا۔ فون چارجر وغیرہ کو اکثر لوگ پلگ میں لگا چھوڑ دیتے ہیں اور سوئچ بھی بند کرنے کا نہیں سوچتے۔ اگرچہ موجودہ عہد کے چارجر بہت کم مقدار میں توانائی خرچ کرتے ہیں تاہم ماہرین نے انتباہ کیا ہے کہ اس حوالے سے مسلسل غفلت بجلی کے بھاری بل کی شکل میں سامنے آتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دیوار پر لگے کسی بھی چارجر کا سوئچ بند نہ کیا جائے تو وہ کچھ مقدار میں بجلی خرچ کررہے ہوتے ہیں۔ ان کے بقول اگر اس سے کوئی ڈیوائس نہیں بھی لگائی گئی تو بھی وہ بجلی تو چارج کر ہی رہے ہوتے ہیں‘ اگر چارجر سے فون نہ بھی لگا ہو تو بھی وہ بجلی کی مرکزی لائن سے منسلک ہوکر کچھ مقدار میں بجلی خرچ کررہا ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں چارجر کو پلگ میں لگا چھوڑ دینا اس کی زندگی کو بھی کم کردیتا ہے۔