بہتر واں یوم آزادی کا جشن ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

منگل 14 اگست 2018
قومی آواز- ٹورنٹو

مزار قائد پر ہونے والی تبدیلی گارڈز کی تقریب میں اسکول کے بچوں نے بھی شرکت کی—۔فوٹو/رائٹرز
اسلام آباد: بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدید اور جمہوری تسلسل کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے آج ملک کا 72 واں یوم آزادی قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

 

 مرکزی تقریب میں صدر اور وزیراعظم نے سبز ہلالی پرچم لہرایا، اس سے قبل تلاوت قرآن پاک کی گئی اور پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔

جشن آزادی اور عام انتخابات کے درمیان پیغام پوشیدہ ہے، صدر مملکت

جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کے موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان اُن تصورات کی مجسم تصویر ہے، جس کی آغوش میں ہم ہر لمحہ آزادی کالطف اٹھاتے ہیں’۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ‘جشن آزادی اور عام انتخابات کے درمیان پیغام پوشیدہ ہے، یہ دن یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی قسمت کے فیصلے ووٹ کی پرچی سے ہوں گے اور پاکستان کے نمائندے وہی ہوسکتے ہیں جنہیں ووٹرز سند نمائندگی دیں’۔
یہ خبریں آپ قومی آواز ٹورنٹو پر پڑھ رہے ہیں

صدر مملکت ممنون حسین مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے—۔ اسکرین گریب/جیو نیوز
ان کا کہنا تھا کہ ‘وہی قانون کامیاب رہا جس میں عوام کی مرضی شامل رہی’۔

صدر مملکت نے کہا کہ ‘ہم ابھی مکمل طور پر منزل تک نہیں پہنچ سکے، ہمیں اُن رکاوٹوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے، جن کی وجہ سے مسائل درپیش رہے’۔

ملک کو بانیان پاکستان کے خوابوں کی تکمیل کے لیے سنوارنے کے عزم کے ساتھ صدر مملکت نے دعا کی کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں کو آسانیاں عطا ہوں۔

دن کا آغاز خصوصی دعاؤں اور توپوں کی سلامی سے

آج دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی—۔
دوسری جانب صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے گئے۔

صدر مملکت، نگران وزیراعظم اور اہم شخصیات کی طرف سے دن کی مناسبت سے خصوصی پیغامات بھی جاری کیے گئے۔

صوبائی دارالحکومتوں میں یوم آزادی کے حوالے سے تقاریب

پرچم کشائی کی تقاریب صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی منعقد کی گئیں۔

چاروں صوبوں کے نگران وزرائے اعلیٰ نے ان تقریبات میں شرکت کی۔

کراچی میں مزارِ قائد پر جشن آزادی کے موقع پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں قائم مقام گورنر آغاسراج اور نگراں وزیراعلیٰ فضل الرحمان نے حاضری دی۔

اس موقع پر اسکولوں کے بچوں نےقومی ترانہ پیش کیا۔

مزارِ قائد پر جشن آزادی کے موقع پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی—۔ فوٹو/رائٹرز
جشن آزادی کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر پروقار تقریب ہوئی، جہاں پنجاب رینجرز سے آرمی کےچاق وچوبند دستےنے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

اس موقع پر جی او سی میجر جنرل شاہد محمود نےآرمی اور رینجرز کے دستوں کا معائنہ کیا، مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں نگران وزیراعلیٰ علاؤالدین مری نے پرچم کشائی کی۔

تقریب میں نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی شریک ہوئے۔

بیرون ملک جشن آزادی کے حوالے سے تقریبات

بیرون ملک پاکستانی مشنز اور سفارت خانوں میں بھی پرچم کشائی کی پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر اور ہائی کمشنرز نے افسران اور کمیونٹی ارکان سے خطاب میں تحریک پاکستان کو اجاگر کیا۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستانی سفیر مسعود خالد نے قومی ترانےکی دھن پر سبز ہلالی پرچم لہرایا۔

پاکستانی سفیر نے اس موقع پر صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔

مسعودخالد کا کہنا تھا کہ چین سے پاکستان کے تعلقات مضبوط سے مضبوط ہو رہے ہیں اور سی پیک پاک-چین تعلقات کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

چین میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خالد نے قومی ترانےکی دھن پر سبز ہلالی پرچم لہرایا—۔فوٹو/ بشکریہ ظفر حسین
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن میں بھی جشن آزادی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان نے قومی پرچم لہرایا۔

تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی، اس موقع پر صدر مملکت اور نگران وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھی پاکستانی ہائی کمیشن میں جشن آزادی کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر بنگلہ دیش میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر نے سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا۔

ملک بھر میں جشن کا سا سماں

جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر میں شہروں اور قصبوں کو برقی قمقموں اور سبز ہلالی پرچم والی اور رنگا رنگ جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ پرچم کشائی کی بھی خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

ملک کی اہم عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا—۔جیو نیوز اسکرین گریب
آج کے دن ملک بھر میں تمام سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بلند و بالا و سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا۔

گزشتہ رات 12 بجتے ہی ملک کے مختلف مقامات پر آتش بازی اور فاؤنٹین ڈانس کے شاندار مظاہرے بھی کیے گئے۔

یوم آزادی کے موقع پر مختلف فاسٹ فوڈز، ملبوسات، موبائل کمپنیوں، ٹیکسی سروسز اور دیگر کمپنیوں نے عوام کے لیے خصوصی رعایتی پیکجز کا اعلان بھی کیا ہے۔


متعلقہ خبریں