قومی آواز ٹورانٹو ۔ سیڈل بروک کراسنگ پر نوجوان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بوڑھی خاتون کو عین اس وقت ریلوے ٹریک سے کھینچ کر اس کی جان بچا لی جب ٹرین وہاں سے گزری۔ تفصیلات کے مطابق جان منگو نامی 28سالہ نوجوان سیڈل بروک کے ریلوے پھاٹک پر اپنی باری کی منتظر تھا کہ اس نے دیکھا کہ ایک بوڑھی خاتون جو ٹھیک طرح سے چل بھی نہیں پا رہی تھیں ریلوے ٹریک پار کر رہی تھیں ۔ اسی اثناءمیں ٹرین بھی پھاٹک پر پہنچ گئی ۔ نوجوان کے مطابق ٹرین اتنی نزدیک آ چکی تھی کہ اگر وہ آواز دے کر خاتون کو خبردار کرتا تو شاید ٹرین کی آواز میں اس کی آواز دب جاتی اور خاتون کے ٹرین کی ذد میں آنے کا شدید خدشہ لاحق تھا چنانچہ اس نے فوری فیصلہ لیتے ہوئے اپنی گاڑی کا دروازہ کھولا اور خاتون کی طرف دوڑ لگا دی ۔مذکورہ خاتون نوجوان کو اتنی تیزی سے اپنی طرف آتا دیکھ کر پہلے تو ہکا بکا رہ گئی مگر جب ان کی نظر ٹرین پر پڑی تو ساری بات ان کی سمجھ میں آگئی ۔ اسی اثنا ءمیں دو اور ڈرئیور جو اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے نوجوان کی مدد کو پہنچ گئے اور یوں ان تینوں افراد نے مل کر مذکورہ خاتون کو جلدی سے ریلوے ٹریک سے ہٹایا اور ٹھیک اسی وقت ٹرین اپنی پوری رفتار سے پٹری پر سے گزر گئی ۔ اگر چند لمحے کی بھی اونچ نیچ ہو جاتی تو خاتون کا ٹرین کی ذد میں آنا یقنی تھا۔ سیڈل بروک کے پولیس چیف رابرٹ کوگر کہتے ہیںکہ نوجوان کے بر وقت فیصلے نے خاتون کی جان بچا لی ۔ انہوں نے نوجوان کو ایک ہیرو قرار دیتے ہوئے اس کی بہادری اور بر وقت کاروائی کو سراہا اور اسے ایک مثالی نوجوان قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے سے ثابت ہوتا ہے کہ معاشرے میں بہت بڑی تعداد میں دوسروں کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے اور کام آنے والے لوگ بڑی تعداد میں موجود ہیں جو ملک کے لئے ایک اچھی علامت ہے