قومی آواز ۔ واشنگٹن بین الاقوامی نیوز 14 دسمبر ، 2018 امریکی سینیٹ میں یمن جنگ میں سعودی عرب کا اتحادی بننے اور سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے خلاف قرار داد پر ووٹنگ ہوئی جس کے حق میں 56 اراکین نے ووٹ دیا جب کہ 41 نے مخالفت کی۔ ریپبلکن سینیٹر بوب کورکر کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں انٹیلی جنس رپورٹ کی روشنی میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو صحافی کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا گیا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ان کی حمایت کی مذمت بھی کی گئی۔ دونوں جماعتوں کے سینیٹرز کی جانب سے شہزادہ محمد بن سلمان کو جمال خاشقجی کے قتل کا ذمہ دار قرار دینے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلسل حمایت پر اپنے غم و غصے کا بھی اظہار کیا گیا۔ سینیٹ سے منظور کردہ قرارداد میں یمن جنگ میں سعودی عرب سے اتحاد ختم کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے پر زور دیا گیا ہے۔ سینیٹر کرس مارفی اور سینیٹر ڈی کون کا قرارداد کی منظوری کے بعد کہنا تھا کہ قرارداد کی منظوری ظاہر کرتی ہے کہ ریپبلکن اور ڈیموکریٹ سینیٹرز صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں اور بعض اوقات ان کے خلاف بھی ہوتے ہیں تاکہ خارجہ پالیسی قوم کے مفاد میں بنائی جائے۔ یاد رہے کہ 2 اکتوبر کو سعودی صحافی استنبول میں قائم سعودی سفارتخانے میں دستاویزات کے حصول کے سلسلے میں گئے اور پھر لاپتہ ہوگئے جس کے بعد خبریں گردش کرتی رہیں کہ انہیں وہیں قتل کردیا گیا تھا۔
ریپبلکن اور ڈیموکریٹک سینیٹرز کی جانب سے صدر ٹرمپ کی شہزادہ محمد بن سلمان کی مسلسل حمایت پرغم و غصے کا اظہار۔
امریکی سینیٹ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا ذمہ دار قرار دینے کی قرارداد منظور کرلی جس میں قتل کی مذمت کی گئی ہے۔