خیبرپختونخوا حکومت نے فواد چوہدری کے گلے میں جوتوں کا ہار ڈالا: رانا ثناء

پاکستان 05 جون ، 2019

قومی آوازفیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ نے خیبرپختونخوا میں عید کے معاملے پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے فواد چوہدری کے گلے میں جوتوں کا ہار ڈالا کیونکہ فواد نے علماء کی تضحیک کا رویہ اپنایا اور ان کی ہی حکومت نے ان کو جواب دے دیا۔

عید کے معاملے پر پی ٹی آئی وزرا آمنے سامنے، کے پی حکومت کا کفارہ ادا کرنے کا اعلان

دوسری جانب فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا کہ قوم کے محسن میاں نواز شریف انتقامی سیاست کے تحت مقدمے میں جیل میں ہیں، نا اہل اور نالائق ٹولہ ملک پر مسلط ہے، اس ٹولے کی نالائقیوں سے ملکی معیشت تباہی کا شکار ہے، عام آدمی دو وقت کی روٹی سے محروم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس ہو گی، جس میں اس نا اہل ٹولے سے نجات کیلئے احتجاج کا پروگرام بنایا جائے گا۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے دس سال حکومت کی اور ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کی جا سکی، شہباز شریف نیب کے ریمانڈ پر رہ چکے، اب دوبارہ قانونی طور پر انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی اندرون لڑائی ہے جس سے پہلی بار ہوا کہ سرکاری طور پر دو عیدیں منائی گئیں، خیبر پختونخوا حکومت نے فواد چوہدری کے گلے میں جوتوں کا ہار ڈالا، فواد نے علماء کی تضحیک کا رویہ اپنایا، ان کی ہی حکومت نے ان کو جواب دے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو گھر بھیجنے کی بات نہیں کر رہے، ان کا آئینی عہدہ ہے، ہمارا مؤقف ہے اس پر انکوائری کروائی جائے، چیئرمین نیب یا حکومت پر ذمہ داری ڈالنے کی بجائے انکوائری ہونی چاہیے جب کہ جن ججز نے حکومت کی مرضی کے فیصلے نہیں کیے انہیں ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، ججز کو ٹارگٹ کیے جانے کی مذمت کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ محسن داوڑ رکن اسمبلی ہے جس کی کوشش سے فاٹا سے متعلق آئینی ترمیم ہوئی ہے، اگر وہ کسی غیرقانونی کام میں ملوث ہیں تو کاروائی کی جائے مگر اس کا سیاسی حل ہونا چاہیے۔


متعلقہ خبریں