قومی آواز ۔ ابو ظہبی۔ Thursday, October 26, 2017 ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے 10 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 55 رنز بنا لیے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور احمد شہزاد نے کیا لیکن فخر زمان تیسرے اوور میں 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ون ڈے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بابراعظم مشکل میں دکھائی دیے اور 8 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے۔ شعیب ملک 22 اور احمد شہزاد 19 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ قبل ازیں سری لنکا کی پوری ٹیم 18.3 اوورز میں 102 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز دلشان مناویرا اور دنوشکا گنا تھیلاکا نے کیا لیکن عماد وسیم نے دوسری ہی گیند پر مناویرا کو کلین بولڈ کردیا۔ عثمان شنواری نے چوتھے اوور میں گناتھیلاکا کو 18 کے انفرادی اسکور پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ سری لنکا کو تیسرا نقصان نویں اوور میں ہوا جب فہیم اشرف نے سدیرا سمارا وکرما کو 23 رنز پر بولڈ کردیا۔ شاداب خان نے گیارہویں اوور کی پہلی گیند پر اشن پرینجنن کو 12 کے انفرادی اسکور پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ محمد حفیظ نے اپنے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر مہیلا اداوتے کو 8 رنز پر آؤٹ کردیا۔ حفیظ نے اسی اوور کی تیسری گیند پر شناکا کو بھی سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپڈ آؤٹ کرا دیا۔ سری لنکا کو ساتوان نقصان پتھیرانا کا ہوا جہیں حسن علی نے 4 رنز پر اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کردیا۔ سری لنکن کپتان تھسارا پریرا 6 رنز بنا کر عمثان شنواری کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ حسن علی نے ادانا کو صفر پر کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔ وکم سنجیا سری لنکا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو حسن علی کا ہی شکار بنے۔ سکوگی پراسنا 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عثمان شنواری اور محمد حفیظ کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔ شاداب خان، فہیم اشرف اور عماد وسیم نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتان نے ایک بال پر دستخط بھی کیے۔ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچز میں غیر متاثرکن کارکردگی کے باعث باہر بٹھائے جانے والے سلامی بلے باز احمد شہزاد کو ایک بار پھر موقع دیا گیا ہے۔ پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، فہیم اشرف، حسن علی، شاداب خان اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔ یاد رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا تھا جب کہ گرین شرٹس نے آئی لینڈرز کو ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آئی لینڈرز کی جانب سے دیے گئے 103 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی بیٹنگ جاری ہے۔