قومی آواز ۔ ٹورنٹو ۔
Sunday, September 3, 2017
منی ٹوبا میں جنگلاتی آگ کا خطرہ ، مزید پندرہ سو افراد کو نکالنے کی تیاریاں
منی ٹوبا کے قریبی جنگلات میں لگی آ گ کے پھیلنے کے ساتھ ہی منی ٹوبا کی آبادی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں جس کے پیش نظر حکام نے پیش بندی کے طور پر قریبی آبادی کو علاقہ خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں دھویں کے بادل چھا جانے اور حد نظر محدود ہونے کے پیش نظر ابتدائی طور پر مزید پندرہ سو افراد کو علاقے سے نکالنے کے لئے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ ریڈ کراس کے ترجمان جیسن سمال کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ساڑھے تین ہزار افراد کو علاقے سے پہلے ہی نکالا جا چکا ہے جبکہ ابھی مزید لوگوں کو نکالا جائے گا۔ منی ٹوبا حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک اعلامئے کے مطابق ہفتے کی رات تک جنگل میں لگنے والی آگ اٹھائیس ہزار ایکڑ رقبے تک پھیل چکی تھی۔حکومتی زرائع کے مطابق آگ سے واساگا میک، سینٹ تھریسا، گارڈن ہل کی آبادیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ جیسن سمال کہتے ہیں کہ جو لوگ علاقے سے از خود نکلنا چاہتے ہیں ان کے لئے محفوظ مقامات پر انتظامات کر لئے گئے ہیں جبکہ ہوٹلوں میں بھی مزید کمرے تیار ہیں جہاں لوگ اپنی فیملیز اور فرینڈز کے ساتھ منتقل ہو سکتے ہیں۔ زرائع کے مطابق جنگل میں لگی آگ بجھانے میں اس وقت چار سو سے زائد فائر فائٹرز مصروف ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید کمک منگوائی جا سکتی ہے۔