لندن(قومی آواز–ویب ڈیسک) اگر آپ کے موبائل فون کی بیٹری ان دنوں اچانک معمول کے برعکس جلدی ختم ہونے لگی ہے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، یہ ملک میں جاری شدید سردی کی لہر کا نتیجہ ہے۔ ان دنوں درجہ حرارت میں شدید کمی کے باعث شہریوں کے موبائل فونز کی بیٹری جلد ختم ہونے لگی جس پر وہ پریشان ہو گئے کہ شاید بیٹری خراب ہو گئی ہے۔ اس پر ماہرین نے بتایا ہے کہ سردی میں موبائل فونز کی بیٹری جلد ختم ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اکثر سمارٹ فونز میں لیتھیئم آئیون(Lithium Ion) سے بنی بیٹریاں استعمال ہوتی ہیں۔ جوں جوں درجہ حرارت گرتا ہے یہ بیٹریاں اپنی اندرونی برقی مدافعت بڑھاتی جاتی ہیں جس سے ان کی کرنٹ محفوظ کرنے کی گنجائش کم ہوتی جاتی ہے ۔ اس کے نتیجے میںبیٹریاں معمول کے برعکس جلد ختم ہو جاتی ہیں۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا تھا کہ ”سردیوں میں خواتین کے موبائل فونز کی بیٹریاں مردوں کی نسبت زیادہ جلدی ختم ہوتی ہیں مگر اس کی وجہ ان کی جنس نہیں بلکہ خواتین چونکہ اکثر موبائل فونز اپنے ہینڈ بیگ میں رکھتی ہیں، اس کے برعکس مردوں کا موبائل فون ان کی پینٹ کی جیب میں ہوتا ہے جو جسم کے قریب ہونے کی وجہ سے جسمانی حرارت کی وجہ سے گرم رہتا ہے۔ اس لیے خواتین کے موبائل فونز کی بیٹریاں زیادہ سرد رہنے کی وجہ سے مردوں کی نسبت جلد ختم ہو جاتی ہیں۔“ ماہرین کا کہنا تھا کہ ” بعض سمارٹ فونز بھی سردی کے موسم میں زیادہ توانائی استعمال کرنے لگتے ہیں اور ان کا بیٹری ٹائم لگ بھگ آدھا رہ جاتا ہے۔“