نہ یہ حکومت چل سکتی ہے اور نہ ہی ملک چلا سکتی ہے. زرداری

پیر19 اکتوبر 2018
قومی آواز:اسلام آباد

مجھ پر کیسز زیادہ تر نواز شریفکے دور کے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ فاصلے کم نہیں ہوسکتے، سابق صدر
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان پرائم منسٹر سلیکٹ ہیں، نہ یہ حکومت چل سکتی ہے اور نہ ہی ملک چلا سکتی ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ انہیں این آر او کا کوئی فائدہ نہیں ہوا کیوں کہ بعد میں سارے کیسز کُھل گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب خود بُرے نہیں ہیں بلکہ اُن کی سوچ اور طور طریقے بُرے ہیں، اُنھیں لگایا ہم نے ضرور تھا مگر کرسی پر بیٹھنے کے بعد سوچ بدل جاتی ہے۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے دور میں مستقبل کی پالیسیاں بنائیں جو میاں صاحب کو پسند نہ آئیں اور جب ہم نے حکومت سنبھالی تو امریکی مدد بند ہوگئی تھی لیکن ہم نے روپے کی قدر گرنے نہیں دی۔

آصف علی زرداری نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان پرائم منسٹر سلیکٹ ہیں، نہ یہ حکومت چل سکتی ہے اور نہ ہی ملک چلا سکتی ہے لہٰذا تمام سیاسی جماعتیں حکومت کیخلاف قرارداد لائیں۔

پی پی صدر نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے سوال پر جواب دیا کہ مجھ پر کیسز زیادہ تر نواز شریف کے دور کے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ فاصلے کم نہیں ہوسکتے۔


متعلقہ خبریں