وزیراعظم کی وفاق اور صوبوں کو قومی آبی پالیسی پرعمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت

جمعرات25 اکتوبر 2018
قومی آواز:اسلام آباد
وزیراعظم نے پانی کی تقسیم اور نئے ذخائر کی دستیابی کے حوالے سے آبی کونسل کی اسٹیئرنگ کمیٹی کو دو ہفتوں میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا— فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم عمران خان نے وفاق اور چاروں صوبوں کو قومی آبی پالیسی پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی ساتھ ہی پانی کی تقسیم اور نئے ذخائر کی دستیابی کے حوالے سے آبی کونسل کی اسٹیئرنگ کمیٹی کو دو ہفتوں میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں قومی آبی کونسل کا پہلا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی محبوب سلطان، وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، صوبائی وزراء، وفاقی سیکریٹرز، چیف سیکریٹریز، چیئرمین واپڈا اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پانی کی کمی کے مسئلے پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے دستیاب پانی کی بچت، ذخیرہ کرنے، مینجمنٹ اور مؤثر استعمال کیلئے مربوط حکمت عملی پرعمل پیرا ہونے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پانی سے متعلق مسائل پر توجہ نہیں دی گئی۔ وزیراعظم نے قومی آبی پالیسی پر عمل درآمد کیلئے صوبوں اور دیگر متعلقہ فریقین کی مشاورت سے ایک جامع روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی آبی کونسل ایک ایسے مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی جس میں آبی وسیلے کے انتظام سے متعلق تمام مسائل پر متعلقہ فریقین کے درمیان بات چیت اور اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے گا۔

سیکریٹری آبی وسائل شمائل احمد خواجہ نے اجلاس کو قومی آبی پالیسی اور پالیسی کی اسٹریٹجک ترجیحات سے متعلق تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔ انہوں نے اجلاس کو پانی کی موجودہ دستیابی کی صورتحال اور مستقبل کی سرمایہ کاری اور بالخصوص پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

چیئرمین واپڈا نے اجلاس کو پانی ذخیرہ کرنے اور بجلی کی پیداوار کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزیر برائے آبی وسائل کی سربراہی میں اسٹیئرنگ کمیٹی تجاویز کا جائزہ لے اور اسٹیئرنگ کمیٹی دو ہفتے میں اپنی سفارشات پیش کرے۔


متعلقہ خبریں