قومی آواز پاکستان 27 جون ، 2019 ویب ڈیسک عمران خان کی متعلقہ حکام کو مہنگائی کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت۔ فوٹو: فائل وزیراعظم نے انتظامیہ کی جانب سے اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرِاعظم آفس نے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز اور چیف کمشنر اسلام آباد کو مہنگائی کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مراسلے میں مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور بد عنوانی کی روک تھام کے لیے خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا فیلڈ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم متعلقہ اہلکاروں کے درمیان باہمی روابط کا فقدان عام آدمی کے لیے مشکلات بڑھا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ قیمتوں کے کنٹرول کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد کے لیے فوری لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔