ونڈسر اونٹاریو میں چار سالہ بچی اسکول بس میں چار گھنٹے تک محبوس، ڈرائیور فارغ

Thursday, November 23, 2017
قومی آواز ۔
ٹورنٹو۔

اونٹاریو ونڈسر میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب اسکول کی چھٹی کے بعد ایک چار سالہ بچی اپنے گھر نہیں پہنچی ۔ والدین نے گھبرا کر فیس بک اور دیگر زرائع سے بچی کی تلاش کی جس کے بعد بچی اسکول بس میں سوتی ہوئی ملی۔ بچی کے والد جوان چارٹیر کا کہنا ہے کہ وہ بچی کے گھر نہ پہنچنے پر ڈے کئیر سینٹر گئے تھے جہاں پتہ چلا کہ ان کی بچی دوسرے بچوں کے ساتھ بس میں چلی گئی تھی مگر وہ گھر نہیں پہنچی جس پر انہوں نے پولیس و دیگر زرائع سے بچی کو تلاش کرنا شروع کیا تو وہ اسکول بس میں ہی سوتی ہوئی مل گئی ۔ چارٹیر کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور بس خالی ہونے کے بعد بس کو پارکنگ میں لگا کر چلا گیا تھا جس میں بچی موجود تھی۔بچی تین گھنٹے تک بس میں موجود رہی اور خوش قسمتی سے اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ بس کمپنی نے اس واقعے کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ ہر اسکول بس میں ایک ایسا سسٹم لگانے والی ہے جس سے بس خالی ہونے کے بعد اگر کوئی بچہ موجود رہ گیا تو الارم بج جائے گا۔ شہریوں نے اسے دیر آید درست آید ایک درست اقدام قرار دیا ہے ۔