قومی آواز ۔ ٹورانٹو ۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا ہے کہ عوام کی جسمانی صحت کے معیار کو بلند کرنے کے لئے 650ملین ڈالرکی رقم مختص کی جارہی ہے ۔یہ رقم عالمی ادارہ صحت کے توسط سے لوگوں کے معیار صحت کو بلند کرنے میں استعمال ہو گی۔وہ انٹر نیشنل ڈے فار ویمن کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ رقم فیملی پلاننگ اور اس سے متعلقہ دیگر مسائل کے حل میں استعمال کرنے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں لڑکیوں اور خواتین کے ساتھ صنفی امتیاز برتا جا رہے اور ان کو جنسی مسائل اور گھریلو تشدد کا سامنا ہے۔خواتین کے ساتھ مخالف صنف کی جانب سے بیماریوں سے متاثر ہونے کا رسک بھی بہت زیادہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ خود اس بات کا تعین کر سکیں کہ انہیںکب اپنی فیملی شروع کرنی چاہیے اور ان کا خاندان کتنا بڑا ہو۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کے حقوق کا معاملہ بارڈرز سے مبرا ہونا چاہیے۔ٹروڈو حکومت کا یہ عزم ہے کہ خواتین میں لیڈر شپ کے فروغ کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں برابر کا حق ملنا چاہیے۔حکومت کی کوشش ہے کہ خواتین اور مردوں کے درمیان اجرتوں کے فرق کو ختم کیا جائے۔اگر ضروری ہوا تو اس سلسلے میں مناسب قانون سازی بھی کی جائے گی۔