April 07, 2017 قومی آواز ۔ ٹورنٹو ٹورنٹو کے رئیل اسٹیٹ بورڈ کے مطابق ٹورنٹو میں جائیداد کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ایک اندازے کے مطابق یہ اضافہ 33.2%فیصد کی حد کو چھو رہا ہے۔بورڈ کے مطابق ٹورنٹو کینیڈا کے ان علاقوں میں سے ایک ہے جہاں آبادی کا دباﺅ بہت زیادہ ہے مگر پھر بھی یہاں جائیداد کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔یہاں مکانوں کی طلب میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔پچھلے سال کے مقابلے میں فروخت کے لئے پیش ہونے والے مکانوں کی تعداد میں 15.2%فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔بورڈ کے مارکیٹ تجزیہ کار جیسن مرسر کہتے ہیں کہ ٹورنٹو میں مکانوں کی سپلائی اس طرح سے نہیں بڑھ پا رہی جس رفتار سے طلب میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے مکانوں کی قیمتیں چڑھ رہی ہیں۔مرسر کے مطابق ابھی اس ٹرینڈ میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے اور قیمتوں میں اضافے کا یہ رحجان غیر متعینہ مدت تک جاری رہے گا۔ اگر مکانوں کی تعمیراتی مدت کم ہوئی اور تیار شدہ مکان بڑی تعداد میں مارکیٹ میں آ گئے تو تب ہی یہ ممکن ہے کہ جائیدادوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہو اس کے علاوہ اس میں کمی کا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔