ٹورنٹو میں 35منزلہ عمارت کی تعمیر سے قریبی اسکولوں کی بندش کا خطرہ
ٹورنٹو (قومی آواز نیوز ڈیسک)ٹورنٹو کے شمالی علاقے میں مقامی اونٹاریو میونسپل بورڈ کی منظوری سے شروع ہونے والے 35منزلہ ٹاور کی تعمیر سے مقامی اسکولوں کے طلبا کے لئے سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں ۔اس متنازع پروجیکٹ کے قریب واقع جان فشر پبلک اسکول کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے کیونکہ یہ اسکول اس پروجیکٹ کے سب سے زیادہ قریب ہے۔ اسکولوں کے طلبا کے والدین نے اس عمارت کی تعمیر سے قریبی اسکولوں کے طلبا کے تعلیمی نقصان پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ کیسے ممکن ہے کہ اتنی بڑی عمارت کی تعمیر کے دوران ان کے بچے قریب ہی کھیل کود رہے ہوں ۔ اس علاقے کے کونسلر جوش ماٹیلو کہتے ہیں کہ ٹورنٹو ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ نے ایک فرم ہائر کی ہے جو یہ جانچ کرے گی کہ اس عمارت سے قریبی اسکولوں کے بچوں کو کس قسم کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔اگر اس عمارت کی تعمیر کے دوران کوئی مسئلہ ہو ا تو اسکولوں کو اس جگہ سے شفٹ کرنا پڑے گا۔ اس مقصد کے لئے واگان روڈ اکیڈمی کو آخری آپشن قرار دیا جا رہا ہے ۔وارڈ کونسلر جے رابنسن کہتی ہیں کہ اگر علاقے کے لوگوں کو اس عمارت کی تعمیر سے کوئی خطرہ ہوا تو اس کی تعمیر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کی تعمیر کی اجازت صرف اسی صورت میں ممکن ہو گی جب تمام احتیاطی اقدامات کو ممکن بنا یا جا ئے بصورت دیگر مقامی آبادی کے مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔