April 07, 2017
قومی آواز ۔ ٹورنٹو
ٹورنٹو کے پولیس افسر ڈیوڈ فینٹن پر جی ٹوئینٹی کانفرنس کے دوران مظاہرین پر غیر ضروری طور پر بیجا تشدد کیس کے حوالے سے سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت سویلین پولیس کمیشن نے کی۔ کیس کے مدعیان کا دعویٰ ہے کہ جی ٹوئنٹی کانفرنس منعقدہ 2010جون کے دوران جب مظاہرین اس کانفرنس کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے تو ٹورنٹو پولیس کے ایک افسر ڈیوڈ فینٹن نے غیر ضروری طور پر مظاہرین کو ہراساں کیا۔ انہوںنے نہ صرف مظاہرین پر بیجا تشدد کا حکم دیا بلکہ سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار بھی کیا ۔اس مظاہرے کے دوران ڈیوڈ فینٹن وہ واحد پولیس افسر تھے جنہوں نے اس طرح کے اقدامات کر کے مظاہرین کو قابو کرنے کی کوشش کی ۔سماعت کے دوران فینٹن نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور انہوں نے ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا یا تھا جو قانون کے دائرے سے باہر ہو۔ فینٹن کے خلاف مدعی نے اپنے کیس کے حق میں سیکڑوں لوگوں کو بطور گواہ پیش کرنے کی درخواست کی۔مدعی کا کہنا تھا کہ فینٹن کے خلاف ان کے ساتھ سیکڑوں لوگ ہیں جو اس کیس میں فینٹن کے خلاف گواہی دینے کو تیار ہیں۔مدعی کا کہنا تھا کہ فینٹن کو پولیس سروس سے فارغ کیا جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی ہے۔