Thursday, December 28, 2017 کرسمس کے موقع پر ٹورنٹو کے چڑیا گھر میں اس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی جب سفید گینڈے کی ایک مادہ نے ایک نر بچھڑے کو جنم دیا۔ چڑیا گھر کے ترجمان کے مطابق چڑیا گھر میں سفید گینڈے کے بچے کی پیدائش کا واقعہ ستائیس سال کے بعد پیش آیا ہے ۔ اس سے قبل سفید گینڈے کے ایک جوڑے کے ہاں ایک بچہ پیدا ہوا تھا جسے چڑیا گھر میں بڑے چاﺅ سے رکھا گیا تھا۔ ٹورنٹو کے چڑیا گھر کے پریس ریلیز کے مطابق نئے پیدا ہونے والے بچے کا وزن 62.3کلو گرام ہے اور وہ صحتمند ہے ۔اس بچے کی ماں سات سالہ زوحاری ایک سفید نسل کی مادہ ہے جس کو 2012میں چڑیا گھر لایا گیا تھا۔حیوانات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ نیا پیدا ہونے والا بچہ اچھے وزن کا حامل عام معمول سے بڑا اور کافی طاقتور ہے ۔ ماہرین کو اس بچے کی ایسی صحت کی توقع نہیں تھی۔سفید نسل کے یہ گینڈے نسلی معدومی کے خطرے سے دوچار ہیں۔ان کے سینگ اور کھال ہی ان کے لئے مصیبت بن گئے ہیں اور چور شکاری ان کے سینگ حاصل کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر ان کا شکار کرتے رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی بڑی تعداد کا خاتمہ ہو گیا ہے ۔اب جنگلات میں ان کی تعداد محض بیس ہزار ہی رہ گئی ہے جبکہ اس سے پہلے یہ وہاں لاکھوں کی تعداد میں پائے جاتے تھے۔
قومی آواز ۔ ٹورنٹو ۔