January 24, 2017 قومی آواز ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم بھارت جائے گی یا نہیں ، اس کا فیصلہ تو نہیں ہو سکا لیکن پاکستان بلائنڈ بھارت میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئےبھرپور تیاریاں کر رہی ہے۔ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اکتیس جنوری سے بھارت کے مختلف شہروں میں کھیلا جانا ہےلیکن پاکستان بلائنڈ ٹیم تاحال بھارت اور پاکستان کی حکومتوں کی جانب سے کلیئرنس کی منتظر ہے ۔ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے انتظار اپنی جگہ لیکن بھرپور ٹریننگ جاری ہے ۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ کھلاڑی بھی بھارت میں مقابلے کے منتظر ہیں ،کہتے ہیں کہ بھارت میں شکست کسی کو برداشت نہیں ،اس لئے کھیل کے ہر شعبے پر توجہ دے رہے ہیں ۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی پاکستانی ٹیم کو بھارت جانے کے لیے انتظار کی سولی پر لٹکنا پڑا ہو ۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کل تک بھارت روانگی کے لئے کلیئرنس کا معاملہ حل ہو جائے گا ۔