نئی دہلی(نیوز ڈیسک) رکی پونٹنگ نے ایک روزہ کرکٹ کے کم مقابلوں کے باعث اس کی اہمیت ختم ہونے کے خدشات کا اظہار کردیا ۔رکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ ‘ایک روزہ کرکٹ کے مقابلوں میں کمی آرہی ہے اور اس وقت آپ کے پاس سری لنکا اورآسٹریلیا کی سیریزکی طرح کے محدود مقابلے ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اس طرح کی سیریز کارآمد نہیں ہوتیں، اس کا کوئی مقصد نہیں ہے کیونکہ دونوں ٹیموں کو سیریز میں کامیابی کے علاوہ حاصل کرنے کو اور کچھ نہیں ہے’۔پونٹنگ نے ایک روزہ سیریز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہوسکتا ہے کہ ٹیموں کو اس کی اہمیت ورلڈ کپ کے لیے درجہ بندی ہو اس کے علاوہ کچھ نہیں ہوگی’۔۔ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ‘ہم نے ایڈیلیڈ میں اس کا تجربہ کیا، جو چوتھے دن پر ختم ہونے والا زبردست کامیاب مقابلہ تھا لیکن ہم اس پر بحث کرسکتے ہیں کہ آیا اس کا کوئی فائدہ ہوا یا پھر کوئی نقصان تو نہیں ہوا’۔آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان گزشتہ سال پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا جہاں میزبان ٹیم نے باآسانی کامیابی حاصل کی تھی جبکہ مداحوں کی ریکارڈ تعداد موجود تھی۔ان کا کہنا تھا کہ’اگر مداح ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کا مطالبہ کرتے ہیں تو پھر بطورکھلاڑی اور انتظامیہ کے ہمیں جو کچھ بھی ہو ان مطالبات کو پورا کرنا پڑے گا’۔آسٹریلیا کی کوششوں سے رواں سال پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آسٹریلیا کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز کھیلیں گی جبکہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان بھی ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔