جمعرات , 5 مئی , 2016 قومی آواز : کینیڈا کے شہر فورٹ مک مرے میں جنگل میں لگنے والی آگ کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پورے شہر کو لاحق خطرے کے باعث 88 ہزار کی آبادی کو محفوظ مقام کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔
البرٹا صوبے کے حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے 1600 عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں خطرہ ہے کہ یہ مزید بے قابو ہو جائے گئی۔
یہ نقل مکانی البرٹا کی تاریخ کی سب سے بڑی جبری نقل مکانی ہے۔ تاحال کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ آگ اتوار کو شہر کے جنوبی مغربی حصے میں لگی۔ امکان تھا کہ آگ بجھانے والا عملہ منگل تک اس پر قابو پا لے گا لیکن تیز ہوا نے اسے مزید پھیلا دیا۔البرٹا میں ہنگامی امداد کے ادارے کے ڈائریکٹر سکاٹ لانگ کا کہنا تھا کہ ’بری خبر وقت کے ساتھ اچھی نہیں ہوتی۔ ممکن ہے کہ ہم شہر کا ایک بڑا حصہ کھو دیں گے۔ ‘
آگ بجھانے والے اداروں کا کہنا ہے کہ تیز ہوائی اور گرم درجہ حرارت بدھ کو مزید برا دن بنا دے گا۔
فضائی جائزے کے بعد بتایا گیا ہے کہ آگ کی لپٹیں اب شہر کے شمال اور مشرق کی جانب جا رہی ہیں۔ خدشہ ہے کہ آگ جلد ہی شہر کے ہوائی اڈے کے گرد پھیل جائے گی۔
حکام کے مطابق آگ 7500 ہیکٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہے اور آگ بجھانے والے 100 کارکن اس کے نمٹنے میں لگے ہیں۔ ان کے مطابق بدھ کو صورتحال مزید خراب ہو گی۔
آگ بجھانے میں مدد کے لیے فضائی اور زمینی فوج روانہ کی جا رہی ہے لیکن اسے وہاں پہنچنے میں دو دن لگ جائیں گے۔
فورٹ مرے تیل کی دولت سے مالا مال صحرائی خطے میں واقع ہے