ہم کیوں خوش یا اداس ہوتے ہیں ؟

نیویارک (نیوز ایجنسیاں) طبی ماہرین نے انسان میں خوشی، اداسی، خوشحالی اورمحرومی جیسے موڈ طاری کرنے کے ذمہ دار جینز کی شناخت کرلی۔ انسانی رویوں کا مطالعہ کرنے کے اس منصوبہ پر17 ممالک کے 140 اداروں سے تعلق رکھنے والے190 محققین نے کام کیا۔ امریکا کے ٹیکساس چلڈرن ہاسپیٹل سے منسلک بیلرکالج آف میڈیسن کے ڈاکٹر الیکسز فریزیئروڈ نے اس حوالے سے بتایا کہ ماہرین نے یہ کامیابی مختلف اوقات میں کی گئی تحقیق کے اعدادوشمار کو ایک جگہ جمع کرکے حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ ماہرین نے خود کو خوشحال تصور کرنے والے افراد میں پائے جانے والے تین اقسام کے جینز، مایوسی کا شکار افراد میں پائے جانے والے 2 اقسام کے جینز اورمنفی نفسیاتی کیفیتوں کے حامل افراد میں پائے جانے والے 11 اقسام کے جینز کی شناخت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لوگ اپنی زندگی کے بارے میں جو آراءرکھتے ہیں ان میں دیگر عوامل کے ساتھ ساتھ جینز کا بھی کردار ہے۔ دیگرعوامل میں کسی بھی انسان کا ماحول بھی شامل ہے۔ ڈاکٹر فریزیئر نے کہا کہ ان کی تحقیق کے نتائج سے انسانی رویوں میں مذکورہ جینز کے کردار پر مزید تحقیق کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔